واشنگٹن ، 24 جون (سیاست ڈاٹ کام) ناقابل شکست رہنے کے شوقین امریکی باکسر مے ویدر ایک بار پھر عامر خان سے ڈر گئے۔ گزشتہ ماہ ’فائٹ آف دی سنچری‘ جیتنے والے امریکی باکسر نے پاکستانی نژاد باکسر سے مقابلے کا امکان مسترد کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق مئی میں فلپائن کے مینی پیکیاو کو شکست دینے کے بعد فلائیڈ مے ویدر نے اعلان کیا تھا کہ وہ ستمبر میں اپنے کیرئیر کا آخری مقابلہ لڑیں گے۔ خیال کیا جا رہا تھا کہ مے ویدر کا یہ مقابلہ پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان سے ہو گا۔ تاہم مے ویدر نے اپنے حالیہ بیان کے ذریعے ایسے کسی امکان کو مسترد کر دیا ہے۔ مے ویدر نے کہا کہ وہ اپنے کیرئیر کے اختتامی میچ میں کریم مے فیلڈ یا اینڈرے برٹو میں سے کسی ایک کا سامنا کریں گے، عامر خان کا نہیں۔ مے ویدر اس سے قبل بھی متعدد بار عامر خان سے مقابلے کا اعلان کر کے مکر چکے ہیں۔ گزشتہ ماہ ’فائٹ آف دی سنچری‘ کے عنوان سے پیکیا و کے خلاف ان کے مقابلے پر بھی باکسنگ سے دلچسپی رکھنے والے حلقوں کی طرف سے منفی رد عمل دیکھنے میں آیا تھا۔ مشہور زمانہ فوربز میگزین نے تو اس لڑائی کو ’فراڈ آف دی سنچری‘ قرار دیا تھا۔