عامر خان ویلٹر ویٹ خطاب کے دفاع میں کامیا ب

لاس ویگاس۔ 14 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان امریکہ کے ڈیون الیگزینڈر کو سخت مقابلے کے بعد شکست دے کر عالمی باکسنگ کونسل کا سلور ویلٹر ویٹ اعزاز کا کامیاب دفاع کیا ہے۔ امریکی ریاست نیوادا کے شہر لاس ویگاس میں منعقدہ مقابلے میں عامر خان نے نشانات کی بنیاد پر کامیابی حاصل کی۔ایم جی ایم گرانڈ ہوٹل میں منعقدہ یہ میچ 12 راؤنڈس تک جاری رہا اور تمام ججوں نے متفقہ طور پر عامر خان کے حق میں فیصلہ دیا۔یہ عامر خان کے کریر کی30ویں کامیابی ہے جن میں سے 18 میں انھوں نے اپنے حریف باکسر کو ناک آؤٹ کیا ہے۔انھیں اپنے کریر میں صرف تین مقابلوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔یہ ڈیون الیگزینڈر کے کریر کی بھی تیسری شکست تھی۔ اس شکست سے قبل وہ اپنے 28 میں سے 26 مقابلے جیت چکے تھے۔کامیابی کے بعد 28 سالہ عامر خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے اس مقابلے کے لیے سخت محنت کی تھی۔ میں جانتا تھا کہ مجھے آج ایک پیغام دینا ہے۔ میرا مقابلہ ایک سخت حریف اور ماہر باکسر سے تھا لیکن یہ میری زندگی کی بہترین کارکردگیوں میں سے ایک ہے۔ پانچ مختلف زمروں کے ویٹ میں عالمی چمپینس باکسر فلوئیڈ مے ویدر سے مقابلے کی خواہش کے بارے میں سوال پر انھوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ میں نے دنیا کے بہترین باکسر فلوئیڈ مے ویدر سے مقابلے کا حق حاصل کر لیا ہے۔