لندن ، 30 جون (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کے سابق عظیم لیگ اسپنر شین وارن کا ماننا ہے کہ محمد عامر اچھے بولر ہیں اور وہ انگلینڈ کے خلاف مجوزہ سیریز میں اپنی بہترین کارکردگی دکھائیں گے۔ عامر لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں اگلے ماہ ٹسٹ کرکٹ میں واپسی کررہے ہیں۔ اسی مقام پر 6 سال قبل اسپاٹ فکسنگ کے جرم میں اُن پر 5 سال کیلئے کرکٹ کی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ وارن کے مطابق عامر کا انگلینڈ میں اچھا استقبال ہوگا۔ نوجوان فاسٹ بولر نے پابندی کے اختتام پر گزشتہ سال ستمبر میں کرکٹ میں واپسی کی تھی اور ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس کی بنیاد پر وہ نیشنل ٹیم میں شامل ہوئے۔ انھوں نے رواں سال جنوری میں نیوزی لینڈ کے ٹور میں پاکستانی ٹیم کی نمائندگی کی اور بہترین کارکردگی دکھائی تھی جس کے بعد انھیں ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کیلئے بھی ٹیم میں منتخب کیا گیا، جہاں انھوں نے ویراٹ کوہلی جیسے اسٹار کے خلاف کاٹ دار بولنگ کر کے داد حاصل کی تھی۔ پاکستان کے انگلینڈ کے خلاف حالیہ دورے کے حوالے سے عامر بھی کافی پراعتماد نظر آتے ہیں۔ ایک حالیہ انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ دونوں ٹیموں کی بولنگ شاندار ہے اور انگلینڈ کا موسم خراب ہے، اس لئے گیند سیم ہوگی جو بیٹسمنوں کیلئے مشکل صورتحال رہے گی۔
٭ انگلینڈ کی وکٹوں اور موسم کے تعلق سے پاکستان کے سابق فیلڈنگ کوچ جولیان فاؤنٹین نے کہا کہ اگر آپ گرم موسم سے آتے ہیں تو انگلینڈ کا موسم ظالم ثابت ہوسکتا ہے، انگلینڈ کے نام نہاد گرمیوں کے عروج میں بھی میدان سے باہر زیادہ وقت گزارنے کیلئے درجہ حرارت خاصا مشکل ہوسکتا ہے۔ انگلینڈ میں ہارڈ گیند کے ساتھ سرد ہاتھ فیلڈنگ میں غلطیوں اور کیچ چھوٹنے کا باعث ہوتے ہیں۔ وکٹوں کے بارے میں انھوں نے کہا کہ کچھ سیم اور کچھ باؤنس ہوتی ہے ، انگلش فاسٹ بولرز کی جانب سے سوئنگ کو خارج امکان نہیں کیا جا سکتا۔