جدہ۔ 19 جون (سیاست ڈاٹ کام) تنظیم اسلامی کوآپریشن (او آئی سی) جس میں 1.5 بلین مسلم دُنیا کی نمائندگی کرنے والے رکن ممالک شامل ہیں، آج عہد کیا کہ عالم اسلام میں اتحاد کیلئے جدوجہد کی جائے گی۔ او آئی سی نے تمام مسلم ممالک سے اپیل کی کہ وہ باہمی اتحاد کو فروغ دیں ، گروہ واری اختلافات اور پالیسیاں کو ختم کرنا وقت کا تقاضہ ہے۔ جدہ میں منعقدہ دو روزہ اجلاس کے اختتام پر زور دیا گیا کہ عراق کی صورتحال کو بہتر بنایا جائے اور انتہا پسندوں کو مسترد کردیا جائے۔سعودی عرب نے کہا کہ عراق کے اندر بڑے پیمانے پر خانہ جنگی کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے اور یہ سارے خطے کیلئے سنگین خطرہ ہے۔ عوام کے جائز مطالبات کو پورا کرنا اور قومی شیرازہ بندی کو یقینی بنانا اقوام کا فریضہ ہے۔