عالم اسلام میں تنازعات کے حل کیلئے موثر اقدامات کریں گے : عمران خان 

دبئی : وزیر اعظم پاکستان عمران خان ان دنوں سعودی عرب کے دورہ پر ہیں ۔ انہوں نے اس موقع پر شاہی حکمرانوں سے ملاقات کی اور متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ اپنے دورہ کے دوران العربیہ کو دئے گئے انٹرویو میں کہا کہ ان کا ملک اور حکومت عالم اسلام میں جاری تنازعات کے حل کیلئے موثر کوششیں کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام میں جاری تنازعات نے مسلم امت کی قوت کوشدید نقصان پہنچایا ۔

پاکستان تمام فریقوں کے ساتھ مل کر عالم اسلام میں جاری لڑائیوں کو ختم کروانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے گا ۔ العربیہ نیوز کے مطابق عمران خان سعودی عرب کے پاکستان کیلئے ہر طرح کے تعاون کیلئے اظہار تشکر کیا ۔ او رکہا کہ ریاض نے پاکستانی قوم کیلئے ہمیشہ سب سے بڑھ کر امداد مہیا کی ۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مسلمان ممالک میں جاری لڑائیاں بہت خطر ناک ہیں ۔ اس سے ہمارے ملک کمزرو ہورہے ہیں۔ ان لڑائیوں کو ختم کرنے کیلئے پاکستان اپنا کردار ادا کرتا رہے گا ۔

عمران خان کے سعودی عرب میں آمد پر سعودی مسلح فوجی دستے نے پاکستانی وزیر اعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا ۔اور شاہ سلمان نے عمران خان اور ان کے وفد کے اعزاز میں شاہی محل میں ضیافت کا اہتمام کیا ۔واضح رہے کہ عمران خان کے ساتھ اس دورہ میں پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ، سکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعی اور سعودی عرب میں متعین پاکستانی سفیر خان ہشام بن صدیق بھی شامل تھے ۔