عالمی چمپئین ہندوستان کو شکست ، انگلینڈ فائنل میں داخل

پرتھ ۔ 30 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) کرو یا مرو صورتحال کے حامل مقابلے میں انگلینڈ نے عالمی چمپئین ہندوستان کو 3 وکٹوں سے شکست دیکر سہ رخی سیریز کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے جہاں اتوار کو اس کا مقابلہ میزبان آسٹریلیا سے ہوگا ۔ 201 رنز کے تعاقب میں انگلش ٹیم ایک موقع پر 66/5 کی نازک صورتحال سے پریشان تھی لیکن اس موقع پر نمبر 3 پر بیٹنگ کرنے آئے جیمس ٹیلر اور وکٹ کیپر بیٹسمین جوس ٹیلرس نے چھٹی وکٹ کیلئے 125 رنز اسکور کرتے ہوئے ٹیم کو کامیابی دلوانے میں کلیدی رول ادا کیا۔ جس وقت انگلش ٹیم کامیابی سے صرف 10 رنز دور تھی اس موقع پر ٹیلر ایک اونچا اسٹروک کھیلنے کی کوشش میں اسٹورٹ بنی کے ہاتھوں باؤنڈری کے قریب کیچ آؤٹ ہوئے ۔ 191 رنز کے مجموعی اسکور پر ٹیلر کے بعد 193 رنز پر دوسرے کامیاب بیٹسمین بٹلر کو محمد سمیع نے رائیڈو کے ہاتھوں کیچ آوٹ کروایا جس کے بعد مقابلے میں کچھ سنسنی خیز لمحات آئے تاہم کپس ووگس نے 9 گیندوں میں 4 اور اسٹیورٹ براڈ نے 6 گیندوں میں 3 رنز اسکور کرتے ہوئے ٹیم کو کامیابی دلوائی ۔ انگلش ٹیم کیلئے ٹیلر نے 122 گیندوں میں 4 چوکوں کی مدد سے 82 رنز بنائے جبکہ بٹلر نے 78 گیندوں میں 7 چوکوں کی مدد سے کسی قدر تیز رفتار 67 رنز اسکور کرتے ہوئے ہندوستانی بولروں کی جانب سے بنائے گئے دباؤ کو ختم کرنے میں اہم رول ادا کیا ۔ کامیابی کے لئے مطلوبہ 201 رنز کے تعاقب میں انگلش ٹیم کا آغاز ناقص رہا جبکہ ٹیم کیلئے سب سے زیادہ رنز اسکور کرنے والے اوپنر این بیل 13 گیندوں میں 2 چوکوں کی مدد سے 10 رنز اسکور کرتے ہوئے موہت شرما کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے ۔ 40 کے مجموعی اسکور پر معین علی آؤٹ ہوئے جنھوں نے 34 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 17 رنز بنائے ۔ درمیانی اوورس میں انگلش ٹیم کو شدید نقصان اسٹیورٹ بنی نے پہنچایا جیسا کہ انھوں نے اپنے 3 اوورس میں جیو روٹ (3)، این مورگن (2) اور روی بوپرا (4) کو پویلین کی راہ دکھائی ۔ ہندوستان کے لئے اسٹیورٹ بنی نے بولنگ کا آغاز کرنے کے علاوہ 8 اوورس میں 33 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ علاوہ ازیں موہت شرما نے 36 رنز کے عوض 2 جبکہ محمد سمیع اور اکثر پٹیل نے فی کس ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔ ٹیم میں شامل کئے گئے رویندرن جڈیجہ نے 9.5 اوورس میں 62 رنز دیکر وکٹ لینے میں ناکام رہے ۔

قبل ازیں مورگن نے ٹاس جیت کر ہندوستان کو بیٹنگ کیلئے مدعو کیا اور پہلی مرتبہ شکھر دھون (38) نے دوسرے اوپر اجنکیا راہانے (73) کے ہمراہ پہلی وکٹ کیلئے 83 رنز کی پارٹنرشپ نبھاتے ہوئے ٹیم کو بہتر آغاز فراہم کیا۔ دھون کے آؤٹ ہونے کے بعد ویراٹ کوہلی (8) ، سریش رائنا (11)، امباٹی رائیڈو (12)، کپتان مہندر سنگھ دھونی (17) ، اسٹیورٹ بنی (7)، جڈیجہ (5) ، اکثر پٹیل (1) کے آؤٹ ہونے کے بعد محمد سمیع نے 11 ویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے 18 گیندوں میں 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے تیز رفتار 25 رنز بنائے اور ٹیم کے مجموعی اسکور کو 48.1 اوورس میں 200 رنز تک پہنچایا۔ 165/9 کے موقع پر ہندوستان کیلئے 200 رنز کا اسکور بھی مشکل دکھائی دے رہا تھا لیکن محمد سمیع اورموہت کے درمیان 10 ویں وکٹ کیلئے 35 رنز کی پارٹنر شپ رہی ۔ انگلینڈ کیلئے فن نے 36 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ووکس ، براڈ اور معین علی نے فی کس 2 کھلاڑیوں کو اوٹ کیا۔ ہندوستانی ٹیم سہ رخی سیریز میں ایک بھی مقابلہ جیت نہیں پائی ہے ۔