کوالالمپور ۔ 2 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) بی ڈبلیو ایف درجہ بندی میں باضابطہ عالمی نمبر ایک قرار دیئے جانے والی سائنا نہوال نے آج اپنا دھواں دھار ردھم جاری رکھتے ہوئے چینی کوالیفائر ژوی یاؤوکو سیدھے گیمس میں شکست دیتے ہوئے ملائیشیا اوپن سوپر سیریز پریمیر کے کوارٹر فائنلس میں رسائی حاصل کرلی۔ سائنا جن کا انڈیا اوپن فتح کے دوران عالمی نمبر ایک مقام یقینی ہوا ، انھوں نے آج یہاں 30 منٹ کے یکطرفہ ویمنس سنگلز مقابلہ میں یاؤو کو 21-13، 21-9 سے واضح شکست دی اور اب اُن کا ایک اور چینی شٹلر سونیو سے مقابلہ طئے ہوا ہے ، جن کا عالمی رینک 15 ہے ۔ کامن ویلتھ گیمس سلور میڈلسٹ جوالا گٹہ اور اشونی پنپا کو ڈبلز سیکشن میں سکنڈ راؤنڈ میں ناکامی ہوگئی ۔ انھیں چھٹی سیڈ انڈونیشیائی جوڑی نتیا کرشندا مہیشوری اور گریشیا پولیلی نے لگ بھگ ایک گھنٹے کی مسابقت میں 23-21، 8-21، 17-21 سے ہرایا ۔ دلچسپ بات ہے کہ یاؤو نے ہی 2014 ملائیشیا اوپن میں سائنا کی مہم ختم کی تھی لیکن اس بار ہندوستانی اسٹار نے اُنھیں مزاحمت کا کوئی موقع نہیں دیا ۔ وہ تیزی سے حرکت کرتے ہوئے لگاتار طاقتور شاٹس مارتی رہیں جس نے یاؤو کو سنبھلنے کا موقع نہیں دیا ۔
ورلڈ کپ :ہندوستان میں 635 ملین افراد کا مشاہدہ
نئی دہلی ۔ 2 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ جو اس ہفتہ کے اوائل اختتام پذیر ہوا ، اُسے سیمی فائنل مرحلہ تک 635 ملین ہندوستانی دیکھ چکے تھے جس کے ساتھ یہ انڈین ٹیلی ویژن کی تاریخ میں سب سے زیادہ مشاہدہ کیا گیا ایونٹ بن گیا۔ اس ٹورنمنٹ کے سرکاری براڈکاسٹر اسٹار انڈیا نے بتایا کہ ہندوستان کا آسٹریلیا کے ساتھ سیمی فائنل میچ ریکارڈ توڑ ثابت ہوا جسے 309 ملین ہندوستانیوں نے ٹی وی اسکرین پر دیکھا ۔ انڈیا۔پاکستان میچ کا مشاہدہ 288 ملین نے کیا ۔