ریاض ۔ 6 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب اور روس نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں استحکام لانے کے لیے دو طرفہ تعاون کا منصوبہ طے پاگیا ہے۔ دونوں ملکوں نے آئل مارکیٹ میں استحکام کے لیے مطلوبہ اقدامات کی خاطر مشترکہ کمیٹی کی تشکیل کا بھی اعلان کیا ہے۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سعودی عرب کے وزیر توانائی خالد الفالح نے اپنے روسی ہم منصب الیکذنڈر نوفاک کے ہمراہ ایک مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تیل کی قیمتوں کی وجہ سے روس اور سعودی عرب دونوں مشکلات سے گذر رہے ہیں۔ موجودہ وقت ان مسائل کے حل کے لیے نہایت موزوں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ریاض اور ماسکو نے عالمی آئل مارکیٹ میں استحکام کے لیے مل کر اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں سعودی وزیر کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں استحکام کی کوششیں صرف دوملکوں کی کوششوں تک محدود نہیں ہونی چاہئیں بلکہ تیل پیدا کرنے والے تمام ملکوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عالمی منڈی میں استحکام کے لیے مل کر اقدامات کریں۔