عالمی برادری روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی روکے : آفریدی

لاہور ، 5 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام ) میانمارمیں روہنگیا مسلمانوں پر ظلم وستم کے خلاف قومی کرکٹر شاہد آفریدی اور اظہر علی بول پڑے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔ روہنگیا مسلمانوں کی بڑی تعداد پناہ کے لیے دھکے کھانے پر مجبور ہے ، بے بس لوگوں کی حالت زار پر شاہد آفریدی افسردہ ہوگئے ۔ بوم بوم نے ٹویٹ کیا کہ عالمی برادری کو روہنگیا مسلمانوں کے لیے اٹھنا ہوگا ، نسل کشی روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے ہونگے۔ سابق کپتان اظہر علی نے کہا کہ غیر انسانی فعل پر دنیا کو خاموش نہیں رہنا چاہیے ، میری دعائیں روہنگیا مسلمانوں کے ساتھ ہیں۔ اس وقت لاکھوں روہنگیا میانمار سے ہجرت کرکے دیگر مسلمان ملکوں میں پناہ گزین ہوچکے ہیں۔ 2013 میں اقوام متحدہ نے روہنگیا مسلمانوں کو دنیا کی ان اقوام میں شمار کیا جن کی سب سے زیادہ نسل کشی کی جا رہی ہے۔