عالمی اتحاد بغداد کیلئے حمایت کا پیغام، عراقی وزیر خارجہ

بغداد۔ 07ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی صدر براک اوبامہ کی جانب سے جہادیوں کے خلاف عالمی اتحاد کے قیام کا منصوبہ بغداد اور اس کے شدت پسندوں کے خلاف جنگ کیلئے حمایت کا ایک مضبوط پیغام ہے، یہ بات عراقی وزیر خارجہ ہوشیار زیباری نے ہفتہ کے روز کہی۔ زیباری نے اے ایف پی کو بتایا کہ ہم اس کا خیر مقدم کرتے ہیں اور ہم بارہا اپنے عالمی اتحادیوں پر مدد اور حمایت کا مطالبہ کر چکے ہیں کیونکہ یہ خطرہ نہ صرف عراق بلکہ خطے، یورپ سے امریکہ اور نیٹو کیلئے انتہائی جان لیوا خطرہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ہمارا بنیادی حق ہے لیکن ہمیں مدد کی ضرورت ہے، ہماری صلاحیت محدود ہے اور اپنی صلاحیت کو بڑھانے کیلئے ہمیں مدد درکار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس مرحلے پر کوئی بھی زمینی افواج سے متعلق نہیں سوچ رہا، وہ فضائی مدد، تکنیکی معاونت، کردش (پیشمیرگا) اور عراقی سیکورٹی فورسز جیسی زمینی افواج کو مسلح کرنے اور انٹیلی جنس اور جاسوسی معلومات فراہم کرنے پر زور دیتے ہیں۔ اوبامہ نے نیٹو اجلاس کے موقع پر دولت اسلامیہ جہادی گروپ کو شکست دینے کیلئے وسیع تر اتحاد کے منصوبے کا انکشاف کیا ہے، جس نے جون میں پانچ عراقی صوبوں پر قبضے کیلئے شروع کی گئی مہم کی قیادت کی اور ہمسایہ ملک شام میں بھی نمایاں علاقے پر اس کا قبضہ ہے۔ ابتداء میں شدت پسندوں کی مہم میں عراقی سیکورٹی فورسز ایک طرف ہو گئی تھیں لیکن وفاقی حکومت نے حالیہ دنوں میں تنازعہ میں پہلی بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں جس کے دوران قصبے کا ایک ماہ سے زائد عرصے کا محاصرہ ختم اور دیگر علاقوں کو شدت پسندوں کے قبضے سے چھڑا لیا گیا ہے۔