عالمگیر مسجد کی اراضی کے تحفظ کیلئے اقدامات کا جائزہ

کاماریڈی:4؍ مارچ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کاماریڈی حلقہ کے بھکنور منڈل کے موضع بسوا پور قومی شاہراہ نمبر 44 پرواقع عالمگیر مسجد کا آج صدر ضلع وقف کمیٹی محمد جاوید اکرم، نائب صدر ضلع وقف کمیٹی سید انور احمد، وقف انسپکٹر ایم اے قادر، کاماریڈی سینئر کانگریس قائد محمد علی اسحاق شیرو، الائنس سوسائٹی صدر افسر بیگ، سینئر قائد محمد سلیم نے صحافیوں کے ہمراہ معائنہ کیا۔ عالمگیر مسجد کی اراضیات پر غیر مجاز قابضین کی برخواستگی اور امام سے متعلق شکایت ، اراضیات کے تحفظ کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا کمیٹی نے تفصیلی جائزہ لیا۔ 400سالہ قدیم عالمگیر مسجد کے تحت 33 ایکر 18 گنٹے اراضی تھی۔ لیکن منڈل کے ریکارڈ میں 5 ایکر اراضی درج ہے۔ اس بارے میں محمد جاوید اکرم نے وقف بورڈ سے ریکارڈ حاصل کرتے ہوئے اراضی کے سروے کیلئے ایم ایل سی محمد علی شبیر کے ذریعہ اسمبلی وقف ہائوز کمیٹی کے چیرمین باجی ریڈی گوردھن، ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی سے نمائندگی کرتے ہوئے اراضیات کا سروے کرانے، مسجد کی دیکھ بھال اور امام کے متعلق ہونے والی شکایتوں پر مقامی افراد پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دینے کا ارادہ ظاہر کیا اور مسجد کے احاطہ میں امام کیلئے کوارٹر اور مسجد کے اطراف و اکناف کے علاقہ میں واقع اراضی پر زرعی کاشت کرنے اور دینی مدرسہ کے قیام کا بھی ارادہ ظاہر کیا۔ مسٹر جاوید اکرم نے قومی شاہراہ پر واقع اس مسجد میں پنچگانہ نمازوں کی ادائیگی کیلئے امام یٰسین صاحب کو اوقات کی پابندی کرنے پر زور دیا ۔ قومی شاہراہ پر مسجد سے متعلق ایک سائن بورڈ نصب کرنے اور دیگر انتظامات کیلئے اقدامات کرنے کا بھی تیقن دیا۔ اس سلسلہ میں ضلع وقف کمیٹی ایک منیجنگ کمیٹی کا عنقریب میں اعلان کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔