لڑکی کو ہراساں کرنے کا شاخسانہ ، سیل فون و دیگر اشیاء ضبط
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : عاشقی کے بعد شادی سے انکار کرنا ایک لڑکی کے لیے مہنگا ثابت ہوا ۔ تاہم لڑکی کی زندگی کو تباہ کرنے کی دھمکیاں دینے والے اس شخص کو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ پولیس کے مطابق مولا علی اندرا نگر علاقہ کا ساکن 21 سالہ لکشمن سائی کو پولیس نے گرفتار کرلیا جو شکایت گذار لڑکی کے افراد خاندان کو ہراساں و پریشان کردیا تھا ۔ لڑکی اور گرفتار نوجوان دونوں ایک ہی کالج میں زیر تعلیم تھے ۔ اس دوران دونوں میں دوستی ہوئی جو عاشقی میں بدل گئی ۔ ایک دن خاطی شخص نے لڑکی سے محبت کا اظہار کیا جس کے بعد دونوں نے رضا مندی ظاہر کی اور شادی کا ارادہ کرلیا ۔ اس کے بعد گھومنا پھرنا اور ویڈیو کالنگ ، چیاٹنگ سب جاری تھی ۔ دونوں ایک دوسرے سے کوئی بات نہیں چھپاتے تھے ۔ اس دوران لڑکی کو اس کے عاشق کی رنگ ریلیوں کا پتہ چل گیا اور اس لڑکی کو یہ بھی معلوم ہوگیا تھا کہ وہ کئی لڑکیوں کا جنسی استحصال کرچکا ہے اور کئی لڑکیوں سے اس کے ناجائز تعلقات پائے جاتے ہیں ۔ اس بات کا علم ہونے کے بعد اس لڑکی نے لڑکے سے تعلقات ختم کرلیے اور لڑکے کو پابند کردیا کہ وہ آئندہ ملاقات اور بات چیت کی کوشش بھی نہ کرے ۔ اس بات سے پریشان اس شخص نے دو فرضی ای میل آئی ڈی تیار کرتے ہوئے لڑکی کی تصاویر اور ویڈیوز کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے انہیں روانہ کرنے لگا اور والدین کو اس بات کی دھمکی دے رہا تھا کہ وہ لڑکی کی زندگی کو تباہ و برباد کردے گا ۔ اس نے لڑکی کی تصاویر کو چھیڑ چھاڑ کرنے کے بعد ان تصاویر کو لڑکی منگیتر کو روانہ کررہا تھا پریشان حال والدین نے لڑکی کی مدد سے شکایت کردی پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے خاطی کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے سیل فون اور لیاب ٹاپ کو ضبط کر لیا ۔۔