عازمین کے انتخاب کے لیے 22 مارچ کو قرعہ اندازی

حیدرآباد ۔ 19 ۔ مارچ : ( پریس نوٹ ) : ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ جناب محمد محمود علی منگل 22 مارچ کو 11 بجے دن حج ہاوز نامپلی میں ریاست تلنگانہ کے عازمین کے انتخاب کے لیے قرعہ اندازی کا افتتاح انجام دیں گے ۔اس تقریب میں ارکان پارلیمنٹ و ارکان اسمبلی کے علاوہ اعلیٰ عہدیدار شرکت کریں گے ۔ پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے بتایا کہ ریاستی حج کمیٹی نے قرعہ اندازی کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔ حج ہاوز کے احاطہ میں قرعہ اندازی کی تقریب کے لیے شامیانوں کی تنصیب کا کام جاری ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ حج 2016 کے لیے تلنگانہ سے جملہ 17423 درخواستیں وصول ہوئیں جن میں سے دو محفوظ زمروں کے تحت 2204 عازمین کا قرعہ کے بغیر راست انتخاب عمل میں آچکا ہے ۔ جب کہ تلنگانہ کا کوٹہ 2532 ہے ۔ محفوظ زمروں کے عازمین کے بعد جو نشستیں باقی رہ جاتی ہیں ان کے لیے قرعہ ہوگا ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ریاست آندھرا پردیش کے عازمین حج کے انتخاب کے لیے اسی دن حج ہاوز کے احاطہ میں ہی 3 بجے قرعہ اندازی ہوگی ۔ آندھرا پردیش کا کوٹہ 2052 ہے اور وہاں محفوظ زمروں کے عازمین کی تعداد 193 ہے ۔ گزشتہ سال تلنگانہ سے 2969 حجاج کرام اور آندھرا پردیش سے 2404 حجاج کرام فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے روانہ ہوئے تھے ۔