محبوب نگر ۔ 2 ۔ اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) محمد عبدالرحمن پبلسٹی سکریٹری کی اطلاع کے بموجب حج سوسائٹی محبوب نگر کا پہلا تربیتی اجلاس بروز انوار الماس فنکشن ہال محبوب نگر میں منعقد ہوا ۔ صدر سوسائٹی محمد اکبر الماس نے صدارت کی ۔ نائب صدر محمد عبدالرحمن صوفی نے سوسائٹی کے عہدیداروں اور اراکین کا تعارف کرایا ۔ معتمد سوسائٹی محمد جعفر شریف نے بتایا کہ سال 2015 ء کیلئے سوسائٹی کی جانب سے 963 عازمین نے درخواستیں داخل کی تھیں جن میں 177 عازمین قرعہ کے ذریعے منتخب قرار دیئے گئے ۔ عبدالرحمن صوفی نے عازمین کو بتایا کہ 30 اپریل 2015 ء تک عازمین 81 ہزار روپئے داخل کریں ۔ بنک نمبر وصول ہونے کے بعد تمام منتخب عازمین کو اطلاع دی جائیں گی ۔ گزشتہ 2 سال سے مکہ مکرمہ میں نظام کے رباط میں عازمین کو رہائش نہ مل سکی ۔ اس سال کوشش جاری ہے ۔ آندھراپردیش حج کمیٹی کے سابق ریاستی چیرمین خلیل الدین احمد نے بتایا کہ عازمین قابل مبارکباد ہیں ۔ انہوں نے عازمین کو مشورہ دیئے اور عازمین کو تربیتی اجتماعات میں شریک ہونے کا مشورہ دیا ، محمد اکبر الماس نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عازمین کیلئے جہاں بھی تربیتی اجتماعات ہوں وہ وہاں شریک ہوں لیکن حج سوسائٹی کی جانب سے منعقد ہونے والے اجتماعات میں خاص طور پر شرکت کریں ، تمام عازمین کو شرکت کی سند دی جاتی ہے جس کی جانچ مکہ مکرمہ میں ہوتی ہے اور عازمین کو انتہائی آسان انداز میں مناسک حج ذہن نشین کرائے جاتے ہیں ۔ انہوں نے حج کے پانچ ایام کی بھرپور تفصیلات سے واقف کرایا اور آئندہ اجتماعات میں مزید تفصیلات سے واقف کرایا جائے گا ۔ بعدازاں نماز ظہر کا اہتمام کیا گیا ۔ حج سوسائٹی محبوب نگر کے بانی جناب محمد نذیر احمد خاں منیر کے ارکان خاندان کی جانب سے طعام کا اہتمام کیا گیا جس کیلئے ان کی اہلیہ محترمہ اور ان کے فرزند نیاز احمد خان بھی تشریف لائے تھے ۔ جنرل باڈی میٹنگ میں آمدنی و خرچ کی تفصیلات پیش کی گئیں اور بانی سوسائٹی نذیر احمد خان منیر کو خراج پیش کیا گیا ۔ ان کے فرزند نے اپنے وعدے کے مطابق 5 ہزار کی رقم سوسائٹی کے حوالے کی ۔ اس موقع پر جناب نعیم اللہ شریف بشیرالدین نائب صدر ، عبدالرزاق ین آر آئی ، صادق اللہ ، عبدالزراق وغیرہ موجود تھے ۔