عازمین حج کی روانگی اور واپسی کا فلائیٹ شیڈول جاری

دو ہزار روپئے کے نوٹ پر پابندی نہیں : تربیتی اجتماع سے پروفیسر ایس اے شکور اورمفتی تجمل حسین کا خطاب

حیدرآباد 22 جولائی ( پریس نوٹ ) ریاست تلنگانہ سے بعزم حج مکہ مکرمہ جانے والے عازمین حج کی روانگی اور واپسی کا انفرادی فلائیٹ شیڈول جاری کردیا گیا ہے ‘ حج کمیٹی کی ویب سائیٹ پر اپنا کور نمبر درج کرکے عازمین اپنی روانگی اور واپسی کی تاریخیں اور فلائیٹ نمبر معلوم کرسکتے ہیں اور اس کے مطابق اپنا پروگرام طئے کرسکتے ہیں۔ اس بات کا اعلان آج حج کمیٹی کے زیر اہتمام جامع مسجد حسینی واجئے نگر کالونی میں منعقدہ عازمین حج کے 14ویں تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اسپیشل آفیسرپروفیسر ایس اے شکور نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عازمین اپنی روانگی سے 48 گھنٹے قبل حج کیمپ میں بکنگ کروالیں‘ حج کمیٹی کی ویب سائیٹ پر ای بکنگ بھی کروائی جاسکتی ہے۔ پروفسیر ایس اے شکور نے مزید کہا کہ اس ویب سائیٹ پر عازمین کی جانب سے کی گئی ادائیگیوں کی تفصیلات بھی موجود ہیں اور ان کی رہائش کا زمرہ بھی درج کیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی وضاحت کی کہ عازمین حج کے مکہ مکرمہ مملکت سعودی عربیہ میں دو ہزار روپئے کے کرنسی نوٹ لے جانے پر کوئی پابندی نہیں ہے۔فارن ایکسچینج مینیجمنٹ ( ایکسپورٹ اینڈ امپورٹ آف کرنسی) کے قواعد بابت 2015 کے تحت رقم لے جانے کی اجازت دی گئی ہے۔ عازمین کو سم کارڈ حیدرآباد میں ہی جاری کردیئے جائیں گے اور ان کو سعودی عرب پہنچنے کے بعد ایکٹی ویٹ کیا جائے گا۔ سم کارڈ کا جیاکٹ نہ پھینکنے کا مشورہ دیا۔ انہو ںنے خواتین کو مشورہ دیا کہ وہ روانگی سے قبل ہاتھوں پر مہندی نہ لگائیں کیونکہ اس سے فنگر پرنٹس میں رکاوٹ کا باعث بنے گی اور سم کارڈز‘ امیگریشن وغیر ہ میں دشواری ہوسکتی ہے۔ حج سے دو دن قبل اور حج کے دو دن بعد عزیزیہ سے بسیں بند رہیں گی اس لئے عازمین کوئی اور بندوبست کرسکتے ہیں۔ حاجی صاحبان کا لگیج 54کلو سے زائد نہ ہونا جس میں دو سوٹ کیس اور ہینڈ کیری شامل ہوں گے ۔ ہینڈ کیری دس کلو کا ہوگا۔ عازمین کی روانگی کے لئے بہت کم وقت رہ گیا ہے‘ ریاستی حج کمیٹی کی جانب سے تمام ضروری انتظامات شروع کردیئے گئے ہیں۔ عازمین کو چاہئے کہ وہ روزآنہ چار پانچ کلو میٹر پیدل چلنے کی عادت ڈالیں کیونکہ حج کے دوران پیدل چلنا پڑتا ہے اگر عادت نہ ہو تو دشواری ہوسکتی ہے۔ مولانا مفتی تجمل حسین امام و خطیب مسجد حسینی نے فضائیل و مناسک حج و عمرہ اور آداب زیارت روضہ نبویؐ بیان کئے،فضائیل و مناسک حج‘ حج کے فرائض اور واجبات اور احرام کی شرائط سے واقف کروایا اور عازمین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنا ظاہر و باطن سنواریں اور سرکارؐ کے روضہ پر حاضری کے وقت ایسی شکل میںجائیں جو رسول پاک ﷺ کو پسند ہو۔ انہو ں نے کہا کہ سرکار دو عالم ﷺ کی جو خواہش ہے ‘ اس کے سامنے لوگوں کی رائے کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ مولانا انعام الرحمٰن جمیل نے فضائیل و مناسک عمرہ پر روشنی ڈالی۔ رکن حج کمیٹی جناب ابو طلحہٰ امجد اور اسسٹنٹ سکریٹری جناب عرفان شریف بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔