بیدر۔/2جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی وزیر برائے اطلاعات ، انفرااسٹرکچر و حج جناب آر روشن بیگ نے کہا کہ حج برائے 2014ء کی فہرست کے زیادہ سے زیادہ عازمین کو سفر حج پر روانہ کرنے وہ آخری منٹ تک کوشش جاری رکھیں گے۔ انہوں نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ مرکز میں قلمدانوں کی تقسیم کا انہیں انتظار ہے۔ جیسے ہی قلمدانوں کی تقسیم ہوگی وہ اپنی اولین فہرست میں مرکزی وزیر خارجہ امور سے ملاقات کرکے کرناٹک کے حج کوٹہ میں اضافہ کی کوشش کریں گے تاکہ فہرست کے زیادہ سے زیادہ عازمین کو سفر حج پر روانہ کیا جاسکے۔ اس کے علاوہ پرائیویٹ ٹور آپریٹرس کو زیادہ کوٹہ نہ دینے کی بجائے یہ کوٹہ حج کمیٹی کو دینے سے متعلق بھی بات چیت کریں گے۔ وزیر موصوف نے کہاکہ وہ چاہتے ہیں کہ بنگلور کا حج گھر ہندوستان بھر میں سب سے خوبصورت ہو اور حاجیوں کو تمام سہولتیں دستیاب ہو اور جب تک حج کا قلمدان ان کے پاس رہے گا حاجیوں کو نہ صرف حج کیمپ میں بلکہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں بھی بہترین سہولتیں دلانے کی وہ ہرممکن کوشش کریں گے۔ اس سلسلہ میں وہ جدہ میں قونصل جنرل آف انڈیا مسٹر مبارک اور مسٹر رحمن سے رابطہ رکھے ہوئے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر موصوف نے بتایا کہ ملک میں حج کمیٹی کا قیام اور اس کے انتظامات آئین کے تحت کئے جاتے ہیں۔ انہیں قوی امید ہے کہ مرکز میں قائم نئی حکومت ان انتظامات میں کوئی خلا پیدا نہیں کرے گی۔