عازمین حج کو بہتر سہولتوں کی فراہمی کیلئے ممکنہ مساعی

کریم نگر میں تربیتی پروگرام سے ڈاکٹر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر ریاستی حج کمیٹی کا خطاب
کریم نگر /8 جون (ذریعہ فیکس) اللہ تعالی جسے چاہتا ہے، اپنے در پر بلا لیتا ہے اور اللہ کی مرضی کے بغیر کوئی حج نہیں کرسکتا۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر ریاستی حج کمیٹی نے کریم نگر مستقر پر ایس ایف ایس گارڈن میں ضلع حج سوسائٹی کریم نگر کے زیر اہتمام منعقدہ حج تربیتی پروگرام کو مخاطب کرنے کے دوران کیا۔ انھوں نے کہا کہ ریاستی حج کمیٹی آندھرا پردیش اس سال بھی بہتر سے بہتر عازمین حج کو سہولتیں فراہم کرنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔ ڈاکٹر ایس اے شکور نے کہا کہ ریاست سے جملہ 5380 عازمین کے منجملہ 1500 محفوظ زمرہ کے عازمین اس مرتبہ حج کی سعادت حاصل کرنے کے لئے جانے والے ہیں۔ اس کے علاوہ مزید 200 عازمین جو کہ ویٹنگ لسٹ میں شامل تھے، ان کو منظوری دی گئی ہے، جو کہ 9 جون تک 81 ہزار روپئے مع پاسپورٹ و چالان ریاستی حج کمیٹی میں جمع کروادیں۔ انھوں نے بتایا کہ نظام رباط سے ریاستی حج کمیٹی کا کوئی تعلق نہیں ہے، لیکن اس کے باوجود ریاستی حج کمیٹی نے رباط وقف کمیٹی کو نوٹس دی ہے کہ وہ جلد از جلد اس مسئلہ کو حل کرے، تاکہ عازمین حج کی زرمبادلہ رقم میں سے 38 ہزار روپئے منہا کئے جاسکیں، جس سے عازمین حج کو راحت ملے گی۔ انھوں نے یو ڈی ایف مسئلہ کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یو ڈی ایف سے متعلق ریاست کے سابق چیف منسٹر کے احکامات جاری ہوئے تھے، لیکن موجودہ نئی ریاستی حکومت کی جانب سے اس مسئلہ کا اندرون دو یوم حل کرنے کے امکانات ہیں۔ محمد ریاض علی رضوی صدر ضلع حج سوسائٹی کریم نگر نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عازمین حج اللہ کے مہمان ہوتے ہیں، اس لئے ان کی خدمت کرنا ہر مسلمان کا فریضہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ ضلع سے 150 عازمین اس مرتبہ حج کی سعادت حاصل کرنے کے لئے کوشاں ہیں، ان کی خدمت کرنے کے لئے ضلع حج سوسائٹی کریم نگر ہر ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔ مولانا خواجہ علیم الدین، جناب خیر الدین اور مولانا مشتاق احمد نظامی نے مناسک حج پر خصوصی توجہ دینے پر زور دیتے ہوئے صبر کا دامن ہاتھوں سے نہ جانے دینے عازمین کو مشورہ دیا اور مناسک حج پر روشنی ڈالی۔ جناب خواجہ نصیر الدین ماسٹر ٹرینر ریاستی حج کمیٹی نے پروجیکٹر کے ذریعہ عازمین کو حج کے دوران جو دشواریاں پیش آتی ہیں، اس کے لئے کس قسم کی تدابیر اختیار کرنا، سفر حج کو کامیاب بنانے کے لئے کن چیزوں سے پرہیز کرنا اور کونسی چیزیں ساتھ رکھنا چاہئے، ان تمام امور پر روشنی ڈالی۔ پروگرام کا آغاز قاری سید شاہ محمد قادری کی قراء ت کلام پاک سے ہوا۔ سید بلال الدین قادری اور سفیان علی صدیقی نے نعت پاک کا نذرانہ پیش کیا۔ اس موقع پر سید اکبر حسین صدر ٹی آر ایس اقلیتی سیل، سید اشتیاق احمد فاروقی، ساجد علی صدیقی، فیاض علی رضوی، محمد اکرم علی، محمد مقتدر مکرم، نوید، شاداب، بلال قادری اور سید تفضل حسین نے عازمین کا استقبال کیا، جب کہ مسعود علی اکبر سکریٹری نے کارروائی چلائی۔