عازمین حج صحت مند اورچاق و چو بند رہیں: روانگی کیلئے بہت کم وقت

فرض چھوٹ جائے تو عمرہ یا حج نہیں ہوتا:پروفیسر ایس اے شکور ‘ مولانا تجمل حسین اور مولانا عبیداللہ کا خطاب
حیدرآبا 10 جون ( پریس نوٹ ) اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے کہا ہے کہ عازمین حج کی روانگی کے لئے بہت کم وقت رہ گیا ہے‘ اس لئے عازمین حج صحت مند اور چاق و چوبند رہنے کی کوشش کریں‘ روانگی سے قبل دعوتوں سے دوررہیں۔ اگر وہ صحت مند رہیں تو آسانی کے ساتھ مناسک ادا کرسکیں گے کیونکہ حج کے دنوں میں بہت زیادہ دوڑ دھوپ کرنی پڑتی ہے۔ وہ آج دوپہر جامع مسجد دارالشفأ میں اسٹیٹ حج کمیٹی کے زیر اہتمام عازمین حج کے نویں تربیتی اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یکم اگست سے 16اگست تک حیدرآبادسے عازمین کا روانگی کا سلسلہ شروع ہوگا۔ چنانچہ روانگی کے لئے بہت کم وقت رہ گیا ہے۔ اس مرتبہ حجاج کرام بہت خوش نصیب ہیں کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں ان کا قیام 41سے 43دن تک رہے گا۔ وہاں کا ماحول اس قدر پاکیزہ اور پرکشش ہوتا ہے کہ لوگ وہاں جاکر دنیاکو بھول جاتے ہیں۔ انہوں نے عازمین حج کو سفر کی تیاریوں اور انتظامات کے بارے میں ضروری ہدایات دیں اور کہا کہ فلائٹس کا شیڈول آچکا ہے اور ایک مرتبہ شیڈول طئے ہونے کے بعد اس میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں ہوگی اور جس فلائیٹ سے روانگی ہوگی اسی فلائیٹ سے واپسی بھی ہوگی۔ اب تک تبدیلی کے لئے جو درخواستیں وصول ہوئی ہیں وہ مرکزی حج کمیٹی کو روانہ کردی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ سے لگ بھگ آٹھ ہزار عازمین کی روانگی عمل میں ا ٓئے گی۔ تلنگانہ سے 4,066عازمین منتخب ہوئے۔ ویٹنگ لسٹ کے تحت 679 عازمین کا انتخاب ہوا ہے اس طرح تلنگانہ سے لگ بھگ 4700عازمین سفر حج پر روانہ ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ویٹنگ لسٹ کے عازمین سے ایک اقرار نامہ بھی لیا جارہا ہے جنھیں منیٰ کے توسیع شدہ علاقہ میں ٹہرایا جائے گا۔ انہوں نے عازمین کو مشورہ دیا کہ وہ جدہ میں جس بس میں سوار ہوں اپناسامان بھی اسی میں رکھیں۔ گرین زمرہ میں پکوان کی اجازت نہیں ہوگی البتہ رباط اور عزیزیہ میں اس کی اجازت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جن عازمین کا حج کمیٹی میں انتخاب نہیں ہوا ہے وہ صرف مسلمہ پی ٹی او سے ربط کریں‘ بوگس ایجنٹ دھوکہ دے کر فرار ہوجاتے ہیں‘ حج کمیٹی کے پاس مسلمہ ایجنٹوںکی لسٹ ملاحظہ کی جاسکتی ہے۔ مولانا مفتی تجمل حسین قاسمی امام و خطیب مسجد حسینی وجئے نگر کالونی نے مناسک حج و عمرہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ اللہ جس کو نوازنا چاہتا ہے اس کو اپنے در پر بلاتا ہے اور اس کو زیارت مدینہ منورہ کا موقعہ عطا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عازمین سارے مناسک یہیں سیکھ کر جائیں ہر عازم کا سیکھنا ضروری ہے‘ حضرت ابراہیم ؑنے بھی اللہ سے دعا کی تھی کہ ان کو مناسک سکھائے جائیں۔ انہوں نے حج و عمرہ کے فرائض‘ واجبات اور سنتوںکی تفصیل بیان کرتے ہوئے کہاکہ اگر کوئی سنت چھوٹ جائے تو اس کے لئے صدقہ اور استغفار کریں‘ واجب چھوٹ جائے تو دم دینا پڑتا ہے اور اگر خدا نخواستہ کوئی فرض چھوٹ جائے تونہ حج ہوتا ہے اور نہ عمرہ۔ انہوں نے کہا کہ سب سے افضل حج وہ ہے جس میں تلبیہ کی کثرت ہو۔ جب حاجی تلبیہ پڑھتا ہے تو ساری مخلوق اس کے ساتھ تسبیح میں مشغول ہوجاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہر عمل شروع کرنے سے قبل اس کی دعأ کرنا ضروری ہے۔ مولانا محمد عبید الرحمٰن خطیب و صدر مدرس مسجد ٹین پوش ریڈہلز نے آداب زیارت روضہ نبوی ﷺ پر تفصیلی روشنی ڈالی اور عازمین سے کہا کہ وہ سفر اور قیام مدینہ کے دوران درود شریف کی کثرت رکھیں ‘ انتہائی ادب و احترام کا مظاہرہ کریں ‘ اپنی آواز پست رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ حجاج کرام مدینہ کے مقدس مقامات کی زیارت کریں ۔ اسسٹنٹ سکریٹری جناب عرفان شریف نے انتظامات کی نگرانی کی۔