عازمین حج‘ تصویر کشی اور سیلفی سے خود کو بچائیں

الحراء ٹورس کا حج تربیتی اجتماع‘ شاہ محمد جمال الرحمن و علماء کرام کے خطابات
حیدرآباد ۔6۔ اگست (راست) حج زندگی میں ایک نئے دور کا آغاز ہے اس لئے کہ حدیث مبارکہ میں رسول اللہؐ نے فرمایا کہ جو حج کرے اور دوران حج اللہ کی نافرمانی نہ کرے‘ بے ہودہ و بے دینی والا کوئی کام نہ کرے تو وہ ایسے لوٹے گا جیسے اس کی ماں نے ابھی جنم دیا ہو یعنی زندگی میں ایک نیا دور ہے۔ اللہ حاجی کے سارے گناہوں کو معاف فرماتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مفتاحی نے الحراء ٹورس اینڈ ٹراویلس حیدرآباد کے زیراہتمام شاہ فنکشن ہال ریڈہلز میں منعقدہ حج تربیتی اجتماع میں اپنے صدارتی خطاب میں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حج کو غنیمت جانیں‘ وقت کی قدر کریں اور سیکھ کر جان کر مناسک حج و عمرہ ادا کریں۔ مولانا محمد غیاث احمد رشادی نے کہا کہ حاجی یہ نہ سمجھیں کہ وہاں جاکر نیکیاں کریں گے بلکہ ابھی سے نیک اعمال کو اپنا وظیفہ بنالیں۔ اپنے اعمال و عبادات کے ساتھ ساتھ ساتھیوں کی خدمت کریں۔ دوسروں کی تکالیف پر بے صبرے نہ ہوں۔ استغفار اور ذکر و تسبیح کا معمول بنائیں۔ مولانا عبیدالرحمن اطہر ندوی قاسمی نے کہا کہ نیت کی درستگی کا خوب اہتمام کریں۔ نیت صرف زبان سے کہہ لینے کا نام نہیں ہے بلکہ ریاکاری و شہرت اور موجودہ دور کے فتنوں سے خود کو بچائیں۔ تصویرکشی و سیلفی سے خود کو بچائیں۔ خودی کو فراموش نہ کریں۔ مولانا مفتی سید آصف الدین ندوی قاسمی نے پاورپوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعہ مناسک عمرہ و حج قدم بہ قدم سمجھائے اور احرام باندھنے کا طریقہ سمجھایا۔ مولانا مفتی محمد تجمل حسین قاسمی نے فرائض و واجبات عمرہ و حج کی قدم بہ قدم تفہیم کی اور کہا کہ حاجی اپنے وقت کو دعا و تلاوت‘ ذکر و تسبیح‘ تلبیہ و تحمید میں صرف کریں۔ مولانا مفتی صادق محی الدین فہیم نے زیارت مدینہ منورہ کے آداب و معمولات بیان کئے کہ حاجی قلب سلیم لے کر پہنچیں اور اس جگہ باادب رہیں۔ جناب محمد اختر حسین پروپرائٹر الحراء ٹورس اینڈ ٹراویلس نے حاجیوں کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ الحراء کا پہلا قافلہ 8اگست کو سعودی ڈائرکٹ فلائٹ سے حیدرآباد سے جدہ روانہ ہورہا ہے جس کی واپسی 14ستمبر کو ہوگی اور دوسرا شارٹ پیاکیج 15اگست کو حیدرآباد سے جدہ کے لئے سعودی ایرلائن سے روانہ ہوگا اور واپسی 30اگست کو ہوگی۔ جناب محی الدین شریف و دیگر نے استقبالیہ دیا۔ جناب عبدالاحد خان و مولانا ایس افروز حسامی نے ہدیہ نعت پیش کی۔ مولانا مفتی سید آصف الدین ندوی قاسمی کا حج کا سفرنامہ ’رحمان کے مہمان‘ علماء کرام میں جناب محمد اختر حسین نے بطور تحفہ پیش کیا۔ مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مفتاحی نے دعا کی ۔