عادی سارق ہکلا جاوید ، پی ڈی ایکٹ کے تحت گرفتار

حیدرآباد۔/24مارچ، ( سیاست نیوز) خواتین کو مسلسل نشانہ بناتے ہوئے ان کے گلے سے طلائی چین اُڑالینے والے عادی رہزن محمد جاوید عرف ہکلا جاوید کے خلاف آج کمشنر پولیس مسٹر مہیندر ریڈی نے اس پر پی ڈی ایکٹ نافذ کرتے ہوئے جیل بھیج دیا۔ جرائم پیشہ افراد کے خلاف سٹی پولیس کے خلاف مسلسل کارروائی کرتے ہوئے انہیں سخت قانون پی ڈی ایکٹ کے تحت جیل بھیج رہی ہے تاکہ شہر حیدرآباد کو سیف اینڈ اسمارٹ سٹی بنایا جاسکے۔ چندرائن گٹہ پولیس اسٹیشن سے وابستہ عادی رہزن محمد جاوید حیدرآباد و سائبر آباد علاقوں میں سال 2004سے رہزنی، سرقہ اور غیر قانونی طور پر شراب کے کاروبار میں ملوث ہے، اس نے 10خواتین کو نشانہ بناتے ہوئے ان کے گلے سے طلائی چین اڑالی تھی۔ سابق میں اسے چندرائن گٹہ، چھتری ناکہ، مادناپیٹ، سنتوش نگر کے علاوہ سائبرآباد کی ونستھلی پورم پولیس نے گرفتار کیا تھا۔بتایا جاتا ہے کہ جاوید عوام کو اپنی غیرقانونی سرگرمیوں کے ذریعہ خوفزدہ کررہا تھا اور اسے گرفتار کرکے جیل بھیجنے پر کوئی اثر نہیں ہورہا تھا۔ کمشنر پولیس حیدرآباد نے عوام میں احساس تحفظ کو فروغ دینے کیلئے جاوید کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کردیا اور اسے آج گرفتار کرکے چرلہ پلی جیل منتقل کردیا گیا۔