حیدرآباد۔/31ڈسمبر، ( سیاست نیوز) نارتھ زون کی مہانکالی پولیس نے بین ریاستی عادی سارق سید محسن عرف اشو کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے 520گرام مسروقہ طلائی زیورات برآمد کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس نارتھ زون مسٹر ٹی سدھیر بابو نے بتایا کہ سید محسن متوطن وقارآباد ضلع رنگاریڈی ایک عادی سارق ہے اور اس نے گزشتہ دس سال میں 70سے زائد سرقے کئے تھے اور اسے جیل بھی بھیجا گیا تھا۔ اشو مسروقہ مال میں اپنی ماں اور بہن اور بھائیوں کو حصہ دیا کرتا تھا۔ پولیس کے تعاقب سے بچنے کیلئے اس نے کرناٹک کے گلبرگہ میں پناہ لی تھی۔ پولیس نے اس کے قبضہ سے 14لاکھ مالیتی طلائی زیورات برآمد کرلئے۔