عادی سارق گرفتار ، 22 لاکھ روپئے کا سرقوہ مال برآمد

حیدرآباد۔/10مئی، ( سیاست نیوز) سرقہ کی سنگین وارداتوں میں ملوث ایک عادی سارق کو ٹاسک فورس پولیس نے گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے22 لاکھ مالیتی مسروقہ مال برآمد کرکے جیل بھیج دیا۔ پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 25 سالہ این ونود کمار متوطن آمنگل ضلع رنگاریڈی عادی سارق ہے اور اس نے اپنی بی ٹیک کی تعلیم ترک کرنے کے بعد بری صحبتوں کا شکار ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ 2014 تا2018 ونود کمار حیدرآباد اور رچہ کنڈہ علاقوں میں 28 سرقہ کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے جس کے نتیجہ میں اسے حیدرآباد پولیس نے اسے دو مرتبہ پی ڈی ایکٹ نافذ کرکے جیل بھیجا تھا لیکن سال 2018 میں جیل سے رہائی کے بعد وہ دوبارہ سرگرم ہوگیا اور میر پیٹ علاقہ میں سرقہ کیا تھا۔ ونود کمار نے حیدرآباد کے علاقہ رین بازار، سیف آباد کے علاوہ رچہ کنڈہ کے علاقے گھٹکیسر، ونستھلی پورم، ایل بی نگر وغیرہ میں 14 سرقے کئے تھے۔ انجنی کمار نے کہا کہ کمار مسروقہ مال کو پرانے شہر کے علاقہ شاہ علی بنڈہ کے رہن سنٹر کے مالک مدن کمار کے پاس رہن رکھا اور دیگر مسروقہ مال کو گجرات کے سبحان پورہ سے تعلق رکھنے والے نیہا جویلرس کے مالک کو یہ فروخت کیا تھا۔ ٹاسک فورس نے گرفتار سارق کے قبضہ سے 53 تولے مسروقہ طلائی زیورات، ایک کیلو چاندی، 4 لیاپ ٹاپ، ہیرو ہونڈا گاڑی اور دیگر مسروقہ مال برآمد کرتے ہوئے اسے جیل بھیج دیا۔