عادی سارق گرفتار ، مسروقہ مال ضبط

پرتعیش زندگی کے خواب کا شاخسانہ، ملزم کا ساتھی مفرور
حیدرآباد ۔ یکم ؍ نومبر (سیاست نیوز) کشائی گوڑہ پولیس نے ایک عادی رہزن کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کرلی اور اس کے قبضے سے 9 تولے مسروقہ طلائی زیورات برآمد کرلئے ۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس ملکاجگری زون شریمتی رما راجیشوری نے بتایا کہ 21 سالہ بی وینکٹ سائی ساکن شیواسائی نگر جامی گڈہ جو ضلع نلگنڈہ کا متوطن ہے ۔ وہ کوریئر کمپنی میں ملازمت کیا کرتا تھا اور پرتعش زندگی گزارنے کیلئے اس نے رہزنی کی وارداتوں میں ملوث ہوگیا ۔ اپنے ساتھی بی رویندر کے ہمراہ علاقے کشائی گوڑہ اور دیگر مقامات پر راہ چلتی خواتین کو نشانہ بناتے ہوئے ان کے طلائی چین اڑالیا کرتا تھا ۔ انہوں نے بتایا کہ 27 اکٹوبر کو وینکٹ سائی نے کشائی گوڑہ مارکٹ میں ایک رہزنی واردات انجام دی تھی اور پولیس نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کرتے ہوئے کشائی گوڑہ مارکٹ میں موجود سی سی ٹی وی کیمروں کا تجزیہ کیا جس میں وینکٹ سوامی کی نشاندہی ہوئی تھی ۔ پولیس نے اس کے قبضے سے 9 تولے مسروقہ طلائی زیورات جن کی ملکیت 2 لاکھ 50 ہزار بتائی جاتی ہے برآمد کرلیا جبکہ اس کا ساتھی بی رویندر ہنوز مفرور ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ وینکٹ سائی کو سابق میں جی آر پی قاضی پیٹ پولیس کشائی گوڑہ اور جواہر نگر پولیس نے اسی قسم کی وارداتیں انجام دینے پر گرفتار کیا تھا ۔