عادی سارق گرفتار ، مسروقہ مال ضبط،ملزم پرتعیش زندگی کا عادی ، کمشنر ٹاسک فورس کی کارروائی

حیدرآباد ۔ /26 جولائی (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس ساؤتھ زون ٹیم نے ایک عادی سارق کو گرفتار کرتے ہوئے اس کے قبضے سے 4.5 مالیتی مسروقہ طلائی زیورات برآمد کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 23 سالہ شیخ شاہ رخ جو پیشہ سے آٹو ڈرائیور ہے اور علاقے چادر گھاٹ کا ساکن ہے شاہ رخ 2011 ء سے سرقہ کی وارداتوں میں ملوث ہونے لگا اور اس نے اب تک 23 وارداتیں انجام دیں ۔ پولیس نے بتایا کہ گرفتار عادی سارق پرتعش زندگی کا عادی ہے اور وہ سرقہ کے مال سے حاصل کردہ رقم کو ڈرگس ، شراب اور دیگر عادتوں میں اڑالیا کرتا تھا ۔ شاہ رخ کو کئی مرتبہ گرفتار کیا گیا تھا اور سال 2015 ء میں پولیس نے اس کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کیا گیا تھا اور جیل سے رہائی کے بعد وہ دوبارہ سرگرم ہوگیا اور سرقوں میں ملوث ہونے لگا جس کے نتیجہ میں اسے پولیس بہادر پورہ ، چلکل گوڑہ ، یونیورسٹی پولیس نے گرفتار کیا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ گرفتار عادی سارق صبح کی اولین ساعتوں میں مختلف علاقوں کا معائنہ کرتے ہوئے مکانات کے کھلے ہوئے دروازوں کو دیکھ کر داخل ہوجاتا اور وہاں سے طلائی زیورات اور قیمتی اشیاء کا سرقہ کیا کرتا تھا ۔ پولیس نے گرفتار ملزم کو پولیس اسٹیشن راجیندر نگر کے حوالے کردیا ۔