عادی سارق گرفتار، 12 لاکھ مالیتی مسروقہ مال برآمد

حیدرآباد۔/29 جنوری، ( سیاست نیوز)ایل بی نگر پولیس نے ایک عادی سارق کو گرفتار کرتے ہوئے اس کے قبضہ سے 12 لاکھ مالیتی مسروقہ مال برآمد کرلیا۔ پولیس کے بموجب 56 سالہ رتلاوت امر سنگھ متوطن ضلع ناگرنول عادی سارق ہے اور وہ سابق میں 9 مرتبہ جیل جاچکا ہے۔ امر سنگھ نے علاقہ ایل بی نگر، سرورنگر ، سعیدآباد، ونستھلی پورم، چیتنیہ پوری، میرپیٹ، چندا نگر اور ضلع نلگنڈہ کے دیور کنڈہ علاقہ میں جملہ 26 سرقہ کی سنگین وارداتیں انجام دیا تھا۔ پولیس ایل بی نگر نے اطلاع ملنے پر امر سنگھ کو گرفتار کرلیا اور تفتیش کے دوران اس نے سرقہ میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا۔ تحقیقات کے دوران پولیس کو معلوم ہوا کہ گرفتار سارق مقفل مکانات کو رات کے اوقات نشانہ بناتے ہوئے قفل شکنی کے ذریعہ مکان میں داخل ہوکر سرقہ کیا کرتا تھا۔ پولیس نے گرفتار سارق کے قبضہ سے 360 گرام طلائی زیورات برآمد کی اور اسے عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا گیا۔