عادی سارق کا قتل

حیدرآباد 5 مئی (سیاست نیوز)اپل علاقہ میں پیش آئے ایک سنسنی خیز قتل کی واردات میں ایک عادی سارق کا قتل کردیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 22 سالہ پردیپ سنگھ ساکن شانتی نگر اپل گذشتہ چند عرصہ سے کئی رہزنی و سرقہ کی وارداتوں میں ملوث تھا ۔ وہ کل رات دیر گئے اپنے موبائیل فون پر کال موصول ہونے پر دوست سے ملاقات کیلئے باہر گیا ہوا تھا اور وہ واپس نہ لوٹا۔ مقامی عوام نے پردیپ سنگھ کی نعش مقامی تالاب کے قریب خون میں لپ پت پائے جانے پر پولیس کو اطلاع دی ۔ اپل پولیس کی ٹیم موقع واردات پر پہنچ کر سائبر آباد کے سراغ رسانی دستہ کلوز ٹیم کو طلب کیا اور ابتدائی تحقیقات میں یہ معلوم ہوا کہ پردیپ سنگھ کے سر پر وزنی پتھر ڈال کر قتل کیا گیا ہے ۔ پولیس کو شبہ ہے کہ پردیب سنگھ اور قاتلوں کے درمیان مسروقہ مال کے بٹوارے کو لیکر جھگڑا ہوا تھا جس کے سبب یہ قتل کی واردات پیش آئی ہے ۔ پولیس اس کیس کی تحقیقات کررہی ہے ۔