عادی سارق میر کاظم علی خاں گرفتار،مسروقہ مال خریدار اور مسروقہ زیورات ضبط

حیدرآباد 22 مئی (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس ویسٹ زون ٹیم اور عنبر پیٹ پولیس کی مشترکہ کارروائی میں عادی سارق میرکاظم علی خان عرف کاجو کو گرفتار کرلیاگیا اور اس کے قبضہ سے 1.3 کیلو مسروقہ طلائی زیورات برآمد کرلئے ۔ پولیس نے عادی مسروقہ مال خریدنے والے تین افراد محمد عبدالعمران خان ساکن جنگم میٹ فلک نما ‘عسکر بن علی عرف چاوش ساکن اولڈ ملک پیٹ واٹر ٹینک اور مرزا جلیل بیگ ساکن فلک نما کو گرفتار کرلیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ٹاسک فورس مسٹر بی لِنبا ریڈی نے بتایا کہ کاظم علی خان اکثر الیکٹریشن یا اے سی ٹیکنیشن کے بھیس میں اپارٹمنٹس میں داخل ہوا کرتا تھا اور مقفل فلیٹس کی نشاندہی کے بعد انہیں نشانہ بناتے ہوئے قیمتی طلائی زیورات اور دیگر اشیاء کا سرقہ کیا کرتا تھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ گرفتار سارق کو سابق میں سائبر آباد کی کوکٹ پلی پولیس ‘ حیدرآباد کی نلہ کنٹہ ‘گولکنڈہ اور ماریڈ پلی پولیس نے گرفتار کیا تھا ۔ جیل سے رہائی کے بعد وہ دوبارہ سرگرم ہوگیا اور اس نے عنبر پیٹ ‘کنچن باغ اور سرور نگر و ایل بی نگر میں سرقہ کی سنگین وارداتیں انجام دیں ۔ پولیس نے کاظم علی خان کے قبضہ سے مسروقہ طلائی زیورات ‘یاماہا موٹر سائیکل ‘ پانچ موبائیل فونس برآمد کرلئے ۔