حیدرآباد ۔ 8 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : میڑچل پولیس نے عادی سارقین کی تین رکنی ٹولی کو گرفتار کرلیا جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے ۔ میڑچل بس اسٹیشن کے قریب مشتبہ نقل و حرکت پر پولیس نے انہیں حراست میں لیا اور پوچھ تاچھ کے دوران گرفتار افراد اپنے قبضہ میں موجودہ سامان کی تفصیلات بتانے سے قاصر رہے ۔ پولیس نے انہیں حراست میں لے کر پوچھ تاچھ کی اور ٹیچر کے مکان میں سرقہ کے معاملہ کو حل کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 3 مارچ کے دن راگھویندرا کالونی میں ایک ٹیچر کے مکان میں سرقہ کی واردات پیش آئی تھی ۔ جہاں الماریوں کو توڑ کر مکان سے نقد رقم اور طلائی زیورات کا سرقہ کیا گیا تھا ۔ پولیس میڑچل نے اس سلسلہ میں 29 سالہ سدھیر کمار 19 سالہ راجیش کمار اور 28 سالہ انیتا کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے ساڑھے چار تولے طلائی زیورات الیکٹرانک اشیاء کو ضبط کرلیا ۔۔