مسروقہ مال ضبط ، کمشنر پولیس سائبر آباد وی سی سجنار کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ /31 اکٹوبر (سیاست نیوز) سائبر آباد کی سنٹرل کرائم اسٹیشن ( سی سی ایس) پولیس نے عادی سارقین کی چار رکنی ٹولی کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضے سے مسروقہ مال برآمد کرلیا ۔ کمشنر پولیس سائبر آباد وی سی سجنار نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ٹولی کا سرغنہ 56 سالہ محمد ایوب عرف بڑا ایوب ہے جو پیشہ سے آٹو ڈرائیور ہے ۔ ایوب کو سال 2008 ء میں چندا نگر پولیس نے مویشیوں کا سرقہ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا ۔ اسی طرح اس نے اپنی سرگرمیوں کو جاری رکھتے ہوئے سائبر آباد کے علاوہ رچہ کنڈہ ، حیدرآباد اور ضلع میدک میں مسلسل سرقہ کی سنگین وارداتوں میں ملوث ہونے لگا ۔ جاریہ سال ایوب کی چیرلہ پلی جیل سے رہائی عمل میں آئی تھی جس کے بعد اس نے ایک اور عادی سارق جی سدھاکر ، نوین کمار ، ایس مہندر اور محمد بابا کی مدد سے سرقہ کی وارداتوں میں ملوث ہونے لگا ۔ مکانات میں قفل شکنی کے ذریعہ داخل ہوکر مذکورہ سارقین کی ٹولی قیمتی اشیاء کا سرقہ کررہی تھی ۔ سائبر آباد پولیس نے گرفتار سارقین کے قبضے سے 750 گرام طلائی زیورات ، چاندی اور الیکٹرانک اشیاء جن کی مالیت 30 لاکھ بتائی جاتی ہے برآمد کرلی ۔ پولیس نے گرفتار ملزمین کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا ۔