حیدرآباد 14 اگسٹ (سیاست نیوز) عثمانیہ یونیورسٹی پولیس نے عادی سارقین کی دو رکنی ٹولی کو گرفتار کرتے ہوئے اُن کے قبضہ سے مسروقہ مال برآمد کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ایسٹ زون مسٹر این رمیش کے بموجب 26 سالہ وکی بلیجا متوطن رام گنڈم ضلع کریم نگر اپنے ساتھی 26 سالہ وی مہیش کی مدد سے دن کے اوقات پاش کالونیوں میں کیبل آپریٹر کے بھیس میں گھومتے ہوئے مقفل مکانات کی نشاندہی کرلیا کرتے تھے اور رات کے اوقات اُن مکانات میں سرقہ کی واردات انجام دیتے تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ اِس ٹولی کا سرغنہ وکی ہے جو 2016 ء سے سرقہ کی وارداتوں میں ملوث ہے اور سابق میں اُس نے فلم کی شوٹنگ میں اسسٹنٹ کی حیثیت سے کام کیا تھا۔ فروری 2018 ء میں وکی کو عثمانیہ یونیورسٹی پولیس نے گرفتار کیا تھا لیکن جیل سے رہائی کے بعد وہ دوبارہ سرگرم ہوگیا۔ اسی طرح وکی کے ساتھی مہیش نے بھی تلگو فلموں میں اداکاری کی تھی اور قرض کے بوجھ سے پریشان ہوکر وہ سرقہ کی وارداتیں انجام دینے لگا۔ مذکورہ سارقین عثمانیہ یونیورسٹی پولیس اسٹیشن حدود کے علاوہ نلہ کنٹہ، کیسرا اور کشائی گوڑہ میں بھی سرقے کئے تھے۔ پولیس نے اُن کے قبضہ سے 15 لاکھ روپئے مسروقہ مال برآمد کرلیا۔