حیدرآباد۔/5مارچ، ( سیاست نیوز) رہزنی کے سلسلے وار وارداتوں میں ملوث عادی رہزن کو بوئن پلی پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس نارتھ زون مسٹر جی سدھیر بابو نے بتایا کہ محمد مجیب عرف عفان بن باوزیر ساکن سنگاڑا کنٹہ بنجارہ ہلز موٹر سائیکل پر سنسنان مقامات پر گھومتے ہوئے راہ چلتی تنہا خواتین کو مبینہ طور پر نشانہ بناتے ہوئے ان کے گلے سے طلائی چین کی رہزنی کیا کرتا تھا ۔ مجیب نے نارتھ زون اور ویسٹ زون میں جملہ 12 رہزنی کی وارداتیں انجام دیں اور مسروقہ مال کو خیریت آباد کے ایک مقامی فینانسر پرکاش چند جین کو فروخت کیا ۔ پولیس نے بتایا کہ رہزن کے قبضے سے 35 تولے مسروقہ طلائی زیورات برآمد کئے گئے ہیں ۔ پولیس نے بتایا کہ مسروقہ مال کو فروخت کرنے سے حاصل کی جانے والی رقم کو مجیب بائیک ریسنگ اور پرتعش زندگی گزارنے میں اڑادیا کرتا تھا ۔