عادی رہزن گرفتار‘ایک کروڑ روپئے مالیتی طلائی زیورات برآمد

حیدرآباد 11 مئی (سیاست نیوز)پولیس کو انتہائی مطلوب خطرناک عادی رہزن بابر عرف باقر اکرم علی کو گرفتار کرنے میں کمشنر ٹاسک فورس ایسٹ زون ٹیم نے کامیابی حاصل کرلی اور اس کے قبضہ سے 3.46 کیلو مسروقہ طلائی زیورات برآمد کرلئے ۔ اس سلسلہ میں تفصیلات بتاتے ہوئے کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر ایم مہندر ریڈی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 32 سالہ بابر عرف باقر اکرم علی متوطن ضلع بیدر کرناٹکا جو پیشہ سے عادی رہزن ہے شہر میں پیش آئے 102 رہزنی کی وارداتوں میں ملوث ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ بابر اکثر بیدر سے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ موٹر سیکل پر حیدرآباد پہنچ کر راہ چلتی خواتین کو نشانہ بناتے ہوئے اُن کے گلے سے طلائی چین اُڑالیا کرتا تھا ۔ بیک وقت تین تا چار رہزنی کی وارداتیں انجام دینے کے بعد وہ دوبارہ کرناٹک روانہ ہوجاتا ۔ حیدرآباد و سائبر آباد میں بابر اور اُس کی ٹولی نے خواتین کو مسلسل نشانہ بناتے ہوئے 102 وارداتیں انجام دی ۔ ٹاسک فورس ایسٹ زون کے ہیڈ کانسٹبل وینکٹ سوامی نے اپنے ساتھی کانسٹبلس محمد محی الدین اور سریش کی مدد سے بابر کی سرگرمیوں کی خفیہ اطلاعات حاصل کی اور اسے حراست میں لے لیا۔ تفتیش کے دوران بابر نے انکشاف کیا کہ وہ اپنے ساتھیوں فدا علی متوطن پونہ مہاراشٹرا جو فی الوقت مہاراشٹرا کی جیل میں قید ہے‘ اسد اللہ ابو ایرانی متوطن ناندیڑ مہاراشٹرا‘ اقبال متوطن بھیونڈی تھانے مہاراشٹرا جو فی الوقت نوی ممبئی کی جیل میںمحروس ہے‘ عاشق حسین متوطن بیدر کرناٹک جو چیرلہ پلی جیل میں محروس ہے اور رودنور ملکا ارجن (سُنار) متوطن بیدر کرناٹکا کی مدد سے 3.46 کیلو طلائی زیورات جس کی مالیت ایک کروڑ بتائی جاتی ہے کا سرقہ کیا اور وہاں کے مقامی سُنار کو فروخت کردیا ۔ ٹاسک فورس نے بابر کے قریبی ساتھی کے رام پرساد جو پیشہ سے سُنار ہے متوطن بیدر کو بھی گرفتار کیا ہے ۔ مسٹر مہندر ریڈی نے بتایا کہ عادی رہزنوں کے خلاف سٹی پولیس سخت کارروائی کررہی ہے اور انہیں پی ڈی ایکٹ کے تحت جیل میں محروس رکھا جارہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ بابر کے خلاف بھی پی ڈی ایکٹ نافد کیا جائے گا۔