عادی رہزنوں کی دو رکنی ٹولی گرفتار

شمس آباد 30 جنوری (سیاست نیوز) میلاردیو پلی پولیس اور سی سی ایس نے گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران کل شام ایک شخص کو بغیر نمبر کی گاڑی پر گھومتے ہوئے مشتبہ حالت میں دیکھ کر حراست میں لیا۔ دوران تفتیش محمد سمیر 19 سالہ انٹرمیڈیٹ طالب علم ساکن نواب صاحب کنٹہ نے اقبال جرم کرتے ہوئے اس کے ساتھی شہباز احمد خان 21 سالہ ویلڈنگ ورکر ساکن وٹے پلی راجندر نگر کا نام لیتے ہوئے تفصیلات بیان کیں۔ راجندر نگر اے سی پی متیم ریڈی نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ محمد سمیر ایک عادی رہزن ہے جو رہزنی کی سات وارداتیں انجام دے چکا ہے۔ ٹپہ چبوترہ پولیس اسٹیشن میں ایک کیس میں جیل جاچکا ہے اور ڈسمبر 2013 ء میں رہا ہوا۔

اس کے بعد اس نے اپنے ساتھ شہباز احمد خان کو لے کر یمایا ایف زیڈ نمبر AP12N 2723 پرسڑکوں پر گھومتا ہوا تنہا خاتون کو دیکھتے ہوئے ان کے گلے سے چین چھین کر فرار ہوتا تھا۔ دونوں نے ملکر میلاردیو پلی پولیس حدود میں تین، آر جی آئی ایرپورٹ پولیس حدود میں ایک، ونستھلی پورم، میڈی پلی اور ملکاجگیری پولیس اسٹیشن میں ایک ایک رہزنی کے واقعات انجام دے چکے ہیں۔ دونوں کے قبضہ سے 11 تولے طلائی زیورات جن کی مالیت تین لاکھ روپئے بتائی گئی، ضبط کرلئے اور رہزنی میں استعمال ہونے والی گاڑی کو بھی ضبط کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے عدالتی تحویل میں دے دیا۔ اس موقع پر میلاردیو پلی انسپکٹر رمیش، سی سی ایس انسپکٹر سریندر راؤ بھی موجود تھے۔