مسروقہ مال اور مہلک ہتھیار ضبط، کمشنر پولیس کی پریس کانفرنس
حیدرآباد 29 اکٹوبر (سیاست نیوز) کمشنر پولیس حیدرآباد کی ٹاسک فورس ٹیم نے سعیدآباد پولیس کی مدد سے عادی رہزنوں کی دو رکنی ٹولی کو گرفتار کرلیا اور اُن کے قبضہ سے مسروقہ مال اور مہلک ہتھیار برآمد کرلئے۔ کمشنر پولیس حیدرآباد انجنی کمار نے کہاکہ 28 سالہ سید اسلم ساکن واحد نگر ملک پیٹ ریس کورس پیشہ سے ویلڈر ہے اور اُس نے 2010 ء سے رہزنی کی وارداتیں انجام دینے لگا۔ اسلم نے اب تک حیدرآباد، سائبرآباد اور رچہ کنڈہ کمشنریٹ حدود میں رہزنی کی 47 وارداتیں انجام دے چکا ہے جس کے نتیجہ میں کنچن باغ پولیس نے 2015 ء میں اُس پر پی ڈی ایکٹ نافذ کرتے ہوئے طویل عرصہ کے لئے جیل بھیج دیا تھا۔ جاریہ مہینے جیل سے رہا ہونے کے بعد اُس نے وقارآباد ، تانڈور کے 22 سالہ محمد عامر جو پیشہ سے عادی سارق بتایا گیا ہے، کی مدد سے دونوں شہروں میں سرقے کی وارداتیں انجام دینے لگا۔ کمشنر پولیس نے کہاکہ ایک موٹر سائیکل کا سرقہ کرنے کے بعد مذکورہ رہزنوں نے سنتوش نگر علاقہ میں بیاگ چھین کر ظہیرآباد فرار ہوگئے۔ 25 اکٹوبر کو وہ دوبارہ حیدرآباد پہونچ کر علاقہ سعیدآباد میں سرقے کی واردات انجام دی تھی۔ کمشنر ٹاسک فورس ایسٹ زون ٹیم نے سعیدآباد پولیس کی مدد سے سید اسلم اور محمد عامر کو گرفتار کرلیا اور اُن کے قبضہ سے دو تولے طلائی چین، خنجر اور مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کرلی۔