عادل آباد میں کانگریس پارٹی کا زبردست احتجاجی دھرنا

عادل آباد 30 اکٹوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی وزیر مسٹر جوگو رامنا کی عوام دشمن کارکردگی کے خلاف عادل آباد میں کانگریس کے زیراہتمام بڑے پیمانے پر دفتر ضلع کلکٹریٹ کے روبرو دھرنا منظم کیا گیا۔ قبل ازیں سابق ریاستی وزیر و سینئر کانگریس قائد مسٹر سی رامچندر ریڈی کی سرپرستی میں ایک ریالی نکالی گئی جو وینائک چوک، قدیم بس اسٹانڈ، اشوک روڈ، دیوی چند چوک، گاندھی چوک، شیواجی چوک، امبیڈکر چوک، نیتاجی چوک، این ٹی آر چوک، کلکٹریٹ چوک سے ہوتے ہوئے دفتر ضلع کلکٹریٹ کے روبرو دھرنا منظم کیا۔ ریالی کے دوران احتجاجی ٹی آر ایس حکومت اور مقامی رکن اسمبلی و ریاستی وزیر کے خلاف جہاں ایک طرف نعرے بلند کررہے تھے وہیں دوسری طرف دھرنا کے موقع پر مسٹر سی رامچندر ریڈی سینکڑوں مرد و خواتین سے مخاطب ہوکر مسٹر جوگو رامنا پر الزام عائد کیاکہ وہ اپنے سیاسی وجود کا احساس دلانے کی غرض سے پارٹی اراکین کے ذریعہ کانگریس پارٹی سے تعلق رکھنے والے قائدین و اراکین پر قاتلانہ حملہ کروارہے ہیں۔ انھوں نے جاریہ ماہ کی 21 تاریخ کی شب جیندا منڈل سانگوی کے کانگریس سے تعلق رکھنے والے سابق سرپنچ و دیگر چھ اراکین پر قاتلانہ حملہ کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ٹی آر ایس قائدین کی جانب سے اس موقع پر ٹی آر ایس پارٹی میں شمولیت کی خاطر دباؤ ڈالا جارہا تھا۔ برسر اقتدار پارٹی میں شمولیت سے انکار کی بناء پر انھیں چاقو، لاٹھیوں اور پتھراؤ کے ذریعہ زدوکوب کیا گیا اور سیاسی اثر کے ذریعہ حملہ میں زخمی افراد پر پولیس کی جانب سے مقدمات بھی درج کئے گئے۔ قاتلانہ حملہ میں زخمی سرینواس، نرسنگ، بھومنا، پی سائی، گنگا، وٹھل، پرمیشور کے تصاویر والے فلیکس کے ذریعہ احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ سینئر کانگریس قائدین نے ریاستی وزیر کو سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر عوامی فلاح و بہبود کے کاموں میں دلچسپی لینے کا مشورہ دیا۔ قبل ازیں کانگریس قائدین مسٹر بھارگودیش پانڈے، نرسنگ راؤ، ڈگمبر راؤ پاٹل، کلچپ ریڈی، ساجد خان، سعید خان، شریمتی سجاتا و دیگر نے بھی مخاطب کیا۔