عادل آباد کے 4 مسلم نوجوان غرقاب

پین گنگا ندی میں سیلفی لینے کے دوران کشتی اُلٹ جانے سے حادثہ

عادل آباد۔ 20 ستمبر (سیاست نیوز) مستقر عادل آباد کے محلہ سندریہ نگر سے تعلق رکھنے والے چار نوجوان مہاراشٹرا کی پین گنگا ندی میں کشتی کے اُلٹ جانے سے غرقاب ہوگئے جن میں دو کی موت ہوگئی اور باقی دو نوجوانوں کو بچا لیا گیا لیکن ان کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے، جنہیں عادل آباد کے رمس میں شریک کردیا گیا، جہاں ان دونوں کو آئی سی یو میں رکھا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آج یہ چار نوجوان اپنے افراد خاندان اور دوستوں کے ہمراہ مکڑ بند مہاراشٹرا علم (سواری) دیکھنے کی غرض سے نکلے ہوئے تھے کہ یہ چار نوجوان جن کے نام عمیر ولد عظیم، عرفان ولد اسمعیل، سفیل ولد سراج اور ارشد ولد انیس تفریح کیلئے قریبی پین گنگا ندی پہنچ کر کشتی میں سوار ہونے کے کچھ ہی دیر بعد ان کے ساتھ یہ حادثہ پیش آیا۔ کشتی میں سوار نوجوان لڑکوں نے سیلفی لینے کی کوشش کی جس کی وجہ سے کشتی کا توازن سنبھل نہ سکا اور کشتی کے ساتھ لڑکے بھی پانی میں ڈوب گئے۔ ماہر تیراک جائے حادثہ پر بروقت پہنچ کر لڑکوں کو بچانے کی کوشش کی۔ دو لڑکے عمیر اور عرفان بچ گئے جن کی حالت نازک بتائی جارہی ہے اور دو کم عمر لڑکوں سفیل اور ارشد کی موت واقع ہوگئی۔ اس حادثہ کی وجہ سے لڑکوں کے افراد خاندان کو بہت پریشان اور غمگین حالت میں دیکھا گیا۔