عادل آباد میں یکم نومبر کو کانگریس کا انتخابی جلسہ عام

متوقع امیدوار جی سجاتا کا پریس کانفرنس سے خطاب
عادل آباد۔/30 اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کانگریس کا انتخابی جلسہ عام مستقر عادل آباد کے ڈائیٹ میدان میں یکم نومبر کو بڑے پیمانے پر منعقد کیا جارہا ہے جس میں تلنگانہ اسٹیٹ انتخابی تشہیر کمیٹی مسٹر بھٹی وکرامارکا، مسٹر ریونت ریڈی، مدھو یشکی کے علاوہ متحدہ ضلع عادل آباد انچارج شریمتی ڈی کے ارونا اور فلم اسٹار سے سیاست داں بننے والی وجئے شانتی شرکت کریں گے اور خطاب کریں گے۔ یہ بات عادل آباد حلقہ اسمبلی متوقع کانگریس امیدوار شریمتی جی سجاتا نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے بتائی ۔ اس موقع پر پارٹی سے وابستہ مسرس ایوب خان، اطہر احمد، عبدالرؤف، نسرین سلطانہ سابق بلدیہ کونسلر ناگیش کے علاوہ دیگر موجود تھے۔ قبل از شریمتی جی سجاتا نے ڈائیٹ میدان کا تفصیلی جائزہ لیا جہاں پر جلسہ عام منعقد کیا جارہا ہے۔ شہ نشین بنانے کے علاوہ اس وسیع و عریض میدان میں پنڈال ، کرسیا، لاؤڈ اسپیکر وغیرہ لگانے کو قطعیت دی گئی۔ یکم نومبر صبح 10 بجے ریاستی قائدین بذریعہ ہیلی کاپٹر مستقر عادل آباد پہنچ کر ایک ریالی کی شکل میں این ٹی آر چوک ، نیتا جی چوک، امبیڈکر چوک، مہاتما گاندھی چوک، دیوی چند چوک، اشوک روڈ ، قدیم بس اسٹانڈ، ونائیک چوک سے ہوتے ہوئے جلسہ گاہ پہنچ کر انتخابی جلسہ عام میں عوام سے خطاب کریں اور ٹی آر ایس حکومت کی عوام مخالف پالیسیوں سے واقف کروائیں گے۔ ٹی آر ایس حکومت کی ناقص کارکردگی کا تذکرہ کرتے ہوئے سابق انتخابات کے دوران عوام سے کئے گئے وعدوں کی عدم تکمیل خاص طور پر مسلمانوں کیلئے 12 فیصد تحفظات کی عدم فراہمی جبکہ اقتدار حاصل ہونے کے بعد اندرون چار ماہ ریاست تامل ناڈو کی طرز پر فراہم کرنے کا تیقن دیا گیا تھا اس پر تفصیلی خطاب ہوگا۔ دوپہر میں طعام کے بعد کانگریس ریاستی قائدین اچوڑی اور اوٹنور جلسہ سے خطاب کرنے کی غرض سے روانہ ہوں گے۔ جلسہ میں 50 ہزار عوام کی شرکت کو یقینی قرار دیتے ہوئے شریمتی جی سجاتا نے ہر ایک سے شرکت کی خواہش کی ہے۔