عادل آباد میں سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل کا عنقریب قیام

عادل آباد ۔ 24 ۔ ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مستقر عادل آباد میں سوپر اسپیشالٹی ہاسپٹل قائم کرنے کی غرض سے حکومت کی جانب سے 150 کروڑ روپیوں کی منظوری حاصل ہوچکی ہے یہ بات Rims راجیو گاندھی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس ڈائرکٹر ڈکٹر اے ہنمنت راؤ نے میڈیا سے مخاطب ہو کر بتائی ۔ اس موقعہ پر موصوف نے چیف منسٹر ، ضلع سے تعلق رکھنے والے ریاستی وزراء کے علاوہ ضلع کلکٹر کی خصوصی دلچسپی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ 150 کروڑ روپیوں کے منجملہ 30 کروڑ روپیہ ریاستی حکومت فراہم کررہی ہے جبکہ PMSSY کے تحت 120 کروڑ روپیوں کی منظوری دی گئی ہے ۔ مستقر Rims دواخانہ کے احاطہ میں موجودہ پانچ ایکڑ اراضی پر عمارتوں کی تعمیر کا کام عنقریب HCLL کمپنی کے تحت شروع کیا جائے گا ۔ اندرون دو سال عمارتوں کی تکمیل کے بعد علاج و معالجہ کی غرض سے(8) شعبے قائم کئے جارہے ہیں جن میں کارڈیا لوجی ، نفرولوجی ، نیرولوجی ، گیاسٹرولوجی ، پلاسٹک سرجری ، یورولوجی ، یوروسرجری ، CTVC شامل ہیں ۔ ان شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹرس اور دیگر عملہ کے تقررات بھی کئے جائیں گے ۔ سوچھ بھارت اسکیم کے تحت Rims دواخانہ میں صفائی کے نظام پر خصوصی توجہ دی گئی جس کے پیش نظر مرکزی حکومت کی جانب سے Rims کو پہلا انعامی حقدار تصور کرتے ہوئے سرٹیفیکٹ اور 70 لاکھ روپیوں کے انعام سے نوازے جانے کے قوی امکانات کا موصوف نے اظہار کیا ۔ ضلع کے بیشتر قبائلی علاقہ جات میں اکثر و بیشتر پائی جانے والی مہلک بیماریوں پر قابو پانے کے بنا ڈاکٹرس کے خدمات کی ستائش کی گئی ۔ Rims دواخانہ میں مریضوں کی بہتر دیکھ بھال کے بنا پر یومیہ آؤٹ پیشنٹ کے طور پر تقریباً 2500 مریضوں کو ادویات فراہم کئے جارہے ہیں جبکہ شدید مرض میں مبتلا دواخانہ میں شریک مریضوں کا بھی خاطرخواہ علاج کیا جارہاہے جس کے بنا پر نہ صرف مستقر عادل آباد بلکہ اطراف و اکناف اور پڑوسی ریاست مہاراشٹرا کے مختلف مقامات کے بیمار افراد Rims میں علاج کو ترجیح دے رہے ہیں ۔ اس میڈیکل کالج میں منعقدہ صحافتی اجلاس میں Rims سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اشوک ، آر ایم او ڈاکٹر ونئے کمار بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر ان ڈاکٹروں نے عادل آباد ضلع کے عوام سے Rims دواخانہ میں علاج کرانے کی خواہش کی اور آئندہ دو سال میں سوپر اسپیشالٹی ہاسپٹل جو کارپوریٹ دواخانہ کی طرز پر ہوگا جہاں ہر بیماری کے علاج کو یقینی بنایا جائے گا ۔ ڈائرکٹر نے کہا کہ Rims میں زیرتعلیم طلباء و طالبات کی خاطر گرلز و بوائز ہاسٹل تعمیر کا کام جاری ہے جس میں 100 طلباء کی گنجائش ہوگی ۔ سوپر اسپیشالٹی ہاسپٹل میں (8) طبی شعبہ جات میں 160 بستروں کی سہولت فراہم ہوگی ۔ سوپر اسپیشالٹی ہاسپٹل کا قیام کے بنا پر حیدرآباد تا ناگپور اور حیدرآباد تا دہلی پرواز کرنے والے جہازوں کو مستقر عادل آباد میں ٹھہرانے کی خواہش کی گئی تاکہ ہنگامی صورتحال کے مریضوں اور ڈاکٹروں کو ہوائی پرواز کے ذریعہ مسافت طے کرنے میں آسانی ہوسکے ۔