مفتی آصف الدین ندوی اور دیگر کا خطاب
عادل آباد /22 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) معاشی اعتبار سے مستحکم افراد کے لئے فریضہ حج کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مفتی آصف الدین ندوی حیدرآباد نے مستقر عادل آباد کے سنٹرل گارڈن ٹی این جی اوز ہوم میں منعقدہ عازمین حج کے تربیتی کیمپ کے دوران کیا۔ انھوں نے سعادت حج حاصل کرنے والے افراد کو قابل مبارکباد قرار دیتے ہوئے دوران حج پیش آنے والے مسائل سے واقف کرایا اور صبر و تحمل کے ساتھ فریضہ حج ادا کرنے کا مشورہ دیا۔ انھوں نے روانگی سے پہلے حج کی تیاری، حج کے دوران اللہ کی نا فرمانی سے گریز، حج سے واپسی کے بعد خانہ کعبہ کے دیدار کا شوق برقرار رکھنے کے علاوہ حج سے واپسی کے بعد اپنی پچھلی زندگی کو ترک کرکے آئندہ اللہ تعالی کے حکم اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے مبارک طریقہ پر زندگی گزارنے کی ہدایت دی۔ انھوں نے کہا کہ جس طرح نماز کی ادائیگی میں خشوع و خضوع لازم ہے، اسی طرح طواف کعبہ کے دوران بھی خشوع و خضوع برقرار رکھنا چاہئے۔ انھوں نے ایام حج کے پانچ دنوں کے اعمال پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ تربیتی کیمپ کی صدارت سید اظہر الدین نے کی۔ ضلع حج سوسائٹی سکریٹری شاہد احمد توکل نے جلسہ کی کارروائی چلائی۔ اس تقریب میں جناب فضل اللہ نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی، جب کہ مسرز محمد فاروق احمد، جلیل احمد خاں، عزیز الحق، شہباز اور ابرار الدین نے انتظامات میں حصہ لیا۔ عازمین کے لئے ظہرانہ کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔