عادل آباد میں بلدی انتخابات کی تمام تیاریاں مکمل

85 رائے دہی مراکز کا قیام ، کمشنر بلدیہ شاہد مسعود کابیان

عادل آباد /27 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) عادل آباد بلدیہ حلقہ کے 36 کے منجملہ 35 وارڈز میں جاریہ ماہ کی 30 تاریخ کو مکمل آزادانہ طور پر انتخابات منعقد کرانے کی مکمل تیاریاں کرلی گئی ہیں۔ یہ بات کمشنر بلدیہ مسٹر شاہد مسعود نے اپنے اجلاس پر میڈیا سے مخاطب ہوکر بتائی اور کہا کہ وارڈ نمبر میں بی جے پی امیدوار کا بلامقابلہ انتخاب عمل میں لایا گیا ہے ۔ جبکہ دیگر جماعتوں میں کانگریس اور ٹی آر ایس امیدواروں کی جانب سے داخل کردہ چار پرچوں کو بھی تنقیح کے دوران مسترد کردئے گئے ہیں ۔ 35 وارڈز میں 85 مراکز رائے دہی کا قیام عمل میں لایا گیا ۔ انتخابات منعقد کرانے کی خاطر 512 افراد کی خدمات حاصل کئے جارہے ہیں۔ جن میں 96 پرسائیڈنگ آفیسر اور 96 معاون آفیسر کے علاوہ 320 دیگر عہدیداروں کی خدمات حاصل کی جارہی ہے ۔ مجلس بلدیہ کے تحت 95,689 رائے دہندوں میں پول چٹ تقسیم کرنے کی خاطر 87 آنگن واڑی ورکرس کی خدمات حاصل کی گئی ہے ۔ ہر ایک مرکز رائے دہی پر ایک عدد الیکٹرانک ووٹگ مشین کا استعمال کیا جارہا ہے جبکہ مزید 35 الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو Reserved رکھا گیا ہے ۔ دوران رائے دہی الکٹرانک ووٹنگ مشین ناکارہ ہونے پر درستی کی خاطر حیدرآباد سے ECL کمپنی کے انجینئیر مسٹر سریندر کی خدمات حاصل کی جارہی ہے ۔ رائے دہی مراکز کو BSNL کے تعاون سے Web Casting کیا جارہا ہے جس کیلئے باسر آئی آئی آئی ٹیک کے طلباء کی خدمات حاصل کی جارہی ہے ۔ تاکہ ضلع عادل آباد کے علاوہ ریاست اور مرکزی الیکشن کمیشن مشاہدہ کرسکتے ہیں ۔ بلدیہ کے 36 وارڈز کو 9 زون میں منقسم کرتے ہوئے ہر ایک زون میں 8 تا 14 مراکز رائے دہی کو شامل کیا گیا ۔ اسٹرانگ روم جو اندرا پریہ درشنی اسٹیڈیم میں موجود ہے جہاں سے 29 تاریخ کو رائے شماری اشیاء رائے دہی مراکز کو فراہم کی جائے گی جبکہ رائے دہی کے بعد پریہ درشنی اسٹیڈیم میں محفوظ کیا جائے گا ۔ 2 اپریل کو اندرا پریہ درشنی اسٹیڈیم میں ووٹوں کی گنتی کا کام انجام دیا جائے گا ۔ رائے شماری اشیاء مراکز رائے دہی فراہم کرنے کی خاطر 20 سواریوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ مراکز رائے دہی پر سی سی کیمرے نصب کرنے کے علاوہ ویڈیو گرافی کا کام بھی انجام دیا جارہا ہے ۔ انتخابات منعقد ہونے والے 35 وارڈس میں 134 پوسٹل بیالٹ پیپرس میں جس کیلئے مستقر عادل آباد مجلس بلدیہ میں بیالٹ باکس کا بھی انتظام کیاگیا ہے ۔ میڈیا سے مخاطب کے دوران بلدیہ عہدیدار مسٹر محمد ایاز اور دیگر موجود تھے ۔