کانگریس اور ٹی آر ایس پر تنقید، انتخابی جلسہ سے صدر بی جے پی امیت شاہ کا خطاب
عادل آباد۔/28نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مجلس اتحادالمسلمین کی قیادت سے کانگریس اور ٹی آر ایس دونوں جماعتوں کو خوفزدہ قرار دیتے ہوئے بی جے پی قومی صدر مسٹر امیت شاہ نے ریاست میں بی جے پی حکومت کے قیام پر زور دیا۔ موصوف مستقر عادل آباد کے ڈائیٹ میدان میں مقامی حلقہ اسمبلی امیدوار مسٹر پی شنکر کے انتخابی جلسہ سے مخاطب تھے۔ ریاست میں بی جے پی حکومت کے قیام کے بعد حکومت کی جانب سے 17ستمبر کو آزادانہ یوم تصور کرتے ہوئے پرچم لہرانے سے جہاں ایک طرف اتفاق کیا وہیں دوسری طرف کے چندر شیکھر راؤ حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے چیف منسٹر کو مسلمانوں کا ہمدرد قرار دیا۔ مسلم طبقہ کو 12 فیصد تحفظات کے بنا کمزور اور پچھڑے ہوئے طبقات کو فراہم ہونے والے تحفظات میں رکاوٹ پیدا کرنے کا الزام عائد کیا۔ ٹی آر ایس حکومت کی جانب سے مساجد کی آہک پاشی کے لئے فراہم ہونے والے سالانہ 20 ہزار روپئے، ائمہ ومؤذنین کو ماہانہ پانچ ہزار روپیوں کی اسکیم پر شدید تنقید کرتے ہوئے کومرم بھیم کی بھرپور ستائش کی۔ بی جے پی قومی صدر نے ٹی آر ایس کے انتخابی منشور کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مرکزی حکومت کی مختلف اسکیموں کو ریاست میں عمل نہ کرنے کا بھی مسٹر کے چندر شیکھر راؤ پر الزام عائدکیا۔ ریاست میں بی جے پی اقتدار کے بعد مستقر عادل آباد میں زائد از 20 سال سے بند سمنٹ فیکٹری کا دوبارہ احیاء کرنے، جھونپڑ پٹی کے عارضی مکانات کو پختہ مکانات بنانے، کپاس کی قیمت فروخت کو خاطر خواہ بنانے، عادل آباد سے غیر مجاز لکڑی کی منتقلی پر قابو پاتے ہوئے عادل آباد کو سبز وشاداب بنانے کا تیقن دیا۔ قبل ازیں مرکزی وزیر مسٹر ہنس راج گنگارام نے خطاب کرتے ہوئے سمنٹ فیکٹری کا احیاء اندرون چھ ماہ کرانے، مستقر کے قلب سے گذرنے والی ریلوے لائن پر اوور برج تعمیر کرنے کا تیقن دیا۔ عادل آباد اسمبلی حلقہ کے بی جے پی امیدوار نے اپنے خطاب میں ٹی آر ایس حکومت کی ناکامی کا تذکرہ کرتے ہوئے بی جے پی کے حق میں اپنا ووٹ استعمال کرنے کی اپیل کی۔