حیدراآباد ۔ 11؍ نومبر ( سیاست نیوز) شہر کے پاش علاقہ عابڈس میں پیش آئے سرقہ کی سنگین واردات میں دو ملازمین اپنے مالک کے مکان میں ایک کروڑ کا سرقہ کر کے فرار ہوگئے ۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس عابڈس جی بکشم ریڈی کے بموجب ہفتہ کی شب چراغ علی لین کے ساکن سنیل کمار اگروال اپنے ارکان خاندان کے ہمراہ باہر گئے ہوئے تھے کہ واپس لوٹنے پر قفل شکنی کے ذریعہ مکان میں سرقہ ہونے کا پتہ چلا۔ اس سنگین واردات میں ایک کروڑ مالیتی طلائی زیورات نقد رقم اور دیگر قیمتی اشیاء کا سرقہ ہوا ہے ۔ پولیس میں درج کی گئی شکایت میں تاجر سنیل کمار اگروال نے شبہ ظاہر کیا کہ اس کے دو نیپالی ملازمین نے یہ واردات انجام دی ہوگی ۔عابڈس پولیس نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا اور سارقین کی گرفتاری کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔