حیدرآباد 12 نومبر (سیاست نیوز) شہر کے پاش علاقہ عابڈس میں ایک تاجر کے مکان میں لاکھوں روپئے مالیتی طلائی زیورات اور نقد رقم کا سرقہ کرنے والے دو سارقین کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ سنیل کمار اگروال کے مکان میں دو دن قبل نیپال سے تعلق رکھنے والے دو ملازمین نے اپنے مالک کی مکان میں عدم موجودگی کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے 70 لاکھ روپئے مالیتی طلائی زیورات، قیمتی نگینے اور نقد رقم کا سرقہ کرکے فرار ہوگئے تھے۔ پولیس نے اِس سلسلہ میں مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور گرفتاری کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی تھی جبکہ پولیس نے علاقہ کے سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ کا تجزیہ کیا جس سے پولیس کو اہم سراغ ملا۔ پولیس اِس سلسلہ میں مصروف تحقیقات ہے اور دیگر ملزمین کو گرفتار کرنے کی کوشش جاری ہے۔