عابڈس اور بیگم بازار میں آتشزدگی ،سوئیٹ ہاؤز اور پوجا کی دوکانات خاکستر

حیدرآباد 21 اپریل (سیاست نیوز) شہر کے مصروف ترین علاقہ عابڈس اور عثمان گنج میں پیش آئے دو علحدہ آتشزدگی کے واقعات میں دو تجارتی ادارے جل کر خاکستر ہوگئے ۔ عابڈس پر واقع آگرہ والا سوئیٹ ہاوز میں صبح کی اولین ساعتوں میں اچانک آگ لگ گئی اور آگ پر قابو پانے کیلئے پولیس نے فائر انجن کو طلب کرلیا اور دو گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا ۔ اس حادثہ میں ہوٹل میں موجود تمام اشیاء جل کر خاکستر ہوگئی ۔ عابڈس پولیس نے بتایا کہ شارٹ سرکٹ کے سبب یہ حادثہ پیش آیا ہے اور پولیس نے ایک مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ اسی طرح کے ایک اور واقعہ میں عثمان گنج میں واقع پوجا جنرل اسٹور کے تیسری منزل پر آگ لگنے کے سبب علاقہ میں سنسنی پھیل گئی اور پولیس نے آگ قابو پانے کیلئے فائر انجن عملہ کو طلب کیا اور اندرون چند گھنٹے آگ پر قابو پالیا گیا۔ پولیس ذرائع نے کہاکہ آتشزدگی کے دونوں واقعات میں خوش قسمتی سے کوئی بھی شخص زخمی نہیں ہوا ۔ تاہم شکایات کے مطابق لاکھوں روپئے مالیتی ساز و سامان جل کر تباہ ہوگیا۔ بیگم بازار میں واقع پوجا کی دوکان میں اُس وقت آگ بھڑک اُٹھی جب اُس کا مالک دوکان کھولنے کے لئے وہاں پہونچا تھا۔