ڈسٹرکٹ ڈیویژنل پنچایت آفیسرس کا دورہ
ظہیرآباد /7 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ڈسٹرکٹ پنچایت آفیسر پربھاکر ریڈی اور ڈیویژنل پنچایت آفیسر منوہر پر مشتمل دو رکنی ٹیم نے کل ظہیرآباد منڈل کا دورہ کرتے ہوئے علی پور گرام پنچایت میں واقع قدیم نالے پر غیر مجاز قبضوں کا معائنہ کیا، خاص طورپر قادر نگر میں موجود مسجد کے مغربی حصہ میں واقع نالے کی اراضی کے قبضہ کا سخت نوٹ لیا۔ اس موقع پر مقامی افراد نے معائنہ کاروں کو 33 فٹ چوڑے قدیم سرکاری نالے پر ناجائز قبضوں اور غیر مجاز تعمیرات کے باعث بارش کے پانی کی عدم نکاسی سے پیدا ہونے والی دشواریوں سے واقف کرایا اور ناجائز قبضوں کو برخاست کرتے ہوئے 33 فٹ چوڑے نالے کی تعمیر کا مطالبہ کیا۔ معائنہ کار ٹیم نے مطالبہ کنندگان کو ٹھوس اقدامات کرنے کا تیقن دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ علی پور گرام پنچایت نے سروے نمبرات 59 اور 69 کے درمیان 33 فٹ چوڑا قدیم نالہ ہونے کی توثیق کی ہے اور اس خصوص میں 10 جون 2014ء کو منظورہ قرارداد سے متعلق مکتوبات ڈسٹرکٹ پنچایت آفیسر کے علاوہ ڈیویژنل پنچایت کو بھی روانہ کئے گئے تھے۔ یہ بھی بتایا جاتا ہے کہ تحصیلدار ظہیرآباد نے بھی 22 فروری 2014ء کو جاری کردہ میمو نمبر D/2766/2014 میں مذکورہ سروے نمبرات میں 33 فٹ چوڑے سرکاری نالے کی موجودگی کی توثیق کی ہے۔ مذکورہ نالے پر غیر مجاز تعمیرات کے خلاف متعلقہ عہدہ داروں کی عدم کارروائی پر معائنہ کار ٹیم نے اپنی سخت برہمی کا اظہار کیا اور اپنے دورہ کی تفصیلی رپورٹ ضلع کلکٹر کو روانہ کرنے کی بات کہی۔