لندن ۔ 5جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راہول ڈراویڈ جن کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف 2007ء میں تین مقابلوں کی ٹسٹ سیریز میں 1-0کی کامیابی حاصل کی تھی جو کہ انگلینڈ کی سرزمین پر ہندوستان کی تیسری کامیابی رہی ۔ اس ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے راہول ڈراویڈ نے کہا کہ 2007ء میں بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر ظہیر خان نے انتہائی شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی میں کلیدی رول ادا کیا تھا جن کا لیگ اسپنر انیل کمبلے نے بہترین ساتھ نبھایا تھا ۔ ہندوستان کے موجودہ انگلینڈ کے دورہ کے ضمن میں ٹیم کے مینٹرڈراویڈ کا کہنا ہے کہ اس مرتبہ انگلینڈ میں کامیابی کیلئے ہندوستان کا بولنگ شعبہ اہم رول ادا کرسکتا ہے ۔ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹسٹ 9جولائی کو ناٹنگھم میں شروع ہورہا ہے ۔ ڈراویڈ کا کہنا ہے کہ ہندوستانی بولروں کیلئے اصل چیلنج مقابلہ میں میزبان ٹیم کی 20وکٹیں حاصل کرنا ہے اور یہی کارنامہ ٹیم کو انگلینڈ میں پانچ مقابلوں کی سیریز میں کامیابی دلواسکتا ہے ۔