ظہیرخان انگلینڈ سیریز میں عدم شرکت سے مایوس

ممبئی 30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کامیاب اور تجربہ کار فاسٹ بولر ظہیر خان نے آج کہا ہے کہ انگلینڈ سیریز میں عدم شرکت ان کے لئے مایوس کن ہے۔ جیسا کہ وہ زخمی ہونے کی وجہ سے ہندوستانی ٹیم میں شامل ہیں۔ آج یہاں پرو اسپورٹس کمپنی کی جانب سے فٹنس اور فزیوتھراپی کی خدمات کے متعارف کئے جانے کے ضمن میں منعقدہ تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے ظہیرخان نے کہاکہ میں کرکٹ سے لطف اندوز ہونے کے احساسات کی شدت سے کمی محسوس کررہا ہوں۔ میں انگلینڈ کے دورے کیلئے بہت پہلے ہی تیاری کا آغاز کرچکا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ میں انگلینڈ میں کرکٹ نہ کھیل پانے کی کمی کو شدت سے محسوس کررہا ہوں۔ فاسٹ بولر نے مزید کہاکہ بہت کچھ تیاریوں کے باوجود زخموں پر کسی کا اختیار نہیں ہوتا کیونکہ کھلاڑی کتنی بھی تیاری کرلے لیکن زخمی ہونے کی وجہ سے وہ مقابلوں سے باہر ہوجاتا ہے۔ 35 سالہ فاسٹ بولر ظہیر خان آئی پی ایل کے ساتویں ایڈیشن کے دوران ممبئی انڈین کی نمائندگی کرتے ہوئے ایک مقابلہ میں زخمی ہوئے ہیں۔

جس کے بعد سے نہ صرف وہ آئی پی ایل میں بھی شرکت سے محروم رہے بلکہ انگلینڈ کے دورے میں مصروف ہندوستانی ٹسٹ ٹیم کا بھی حصہ نہیں بن پائے ہیں۔ ظہیر خان نے لارڈس ٹسٹ میں ساتھی فاسٹ بولر ایشانت شرما کی شاندار کارکردگی کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ مقابلہ میں ایشانت شرما تمام توجہ کا مرکز تھے جنھوں نے بہترین مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو ایک یادگار کامیابی سے ہمکنار کیا۔ ظہیر خان نے ایشانت شرما کے زخمی ہونے کو بدقسمتی قرار دیا اور کہاکہ اِنھیں اُمید ہے کہ ایشانت عنقریب مکمل صحتیاب ہوکر سیریز کے مابقی مقابلوں میں ٹیم کی فتوحات میں اہم رول ادا کریں گے۔ ظہیر خان کے بموجب اِنھیں اُمید ہے کہ ایشانت شرما کا زخم پیچیدہ نوعیت کا نہیں ہوگا اور وہ جلد صحت یاب ہوکر پھر ایک مرتبہ ایکشن میں نظر آئیں گے۔ سیریز میں 1-0 کی سبقت کے بعد ظہیر خان نے کہاکہ ٹیم کو سیریز میں کامیابی کا بہتر موقع ہے۔