ظہیرآباد میں 6.5 لاکھ مالیتی گٹکھا ضبط ، تین افراد گرفتار

ظہیرآباد۔/24جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پولیس ظہیرآباد ٹاؤن نے دو مختلف مقامات پر کی گئی تلاشی مہم کے دوران 6.5 لاکھ روپئے مالیتی مختلف برانڈ کے گٹکھوں کے کارٹون ضبط کرلئے جبکہ اس میں ماخوذ تین افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ تفصیلات کے بموجب ایس ناگراج سرکل انسپکٹر کی زیر نگرانی پربھاکر راؤ سب انسپکٹر اور ان کے ماتحتین نے کل رات 7 بجے بھارت نگر کے قریب لب سڑک موٹر گاڑیوں کی تلاشی مہم کے دوران بیدر کرناٹک سے آنے والی کار AP-29BP-4844 کو شک کے دائرہ میں آنے پر روک کر تلاشی لی تو 15 کارٹون میراج کھینی کے، 4 بیاگ ومل گٹکھا کے، ایک کارٹون سواگت گٹکھا کے برآمد ہوئے جس کی مالیت 3 لاکھ روپئے بتائی گئی ہے۔ قدیم آر ٹی او چیک پوسٹ کے قریب کل رات ہی کی گئی ایک اور تلاشی مہم کے دوران بیدر کرناٹک سے حیدرآباد جانے والی اومنی کارAP-PBB-6640 کو روک کر تلاشی لی گئی تو اس میں سے امبر گٹکھا کے 3 کارٹون، راجہ کھینی گٹکھا کا ایک کارٹون، میراج کھینی کے 10 کارٹون اور بابا زردہ کے 3 کارٹون برآمد ہوئے جن کی مالیت 3.5 لاکھ روپئے بتائی گئی ہے۔ پولیس ظہیرآباد ٹاؤن نے دونوں تلاشی مہم کے دوران برآمد ہونے والی تمام اشیاء کو ضبط کرلیا اور اس میں ملوث تین افراد محمد عثمان، محمد رؤف متوطن سنگاریڈی اور کار ڈرائیور شکیل احمد ساکن بابا نگر حیدرآباد کو حراست میں لے لیا۔ بتایا جاتا ہے کہ گرفتار شدگان کے خلاف حسب ضابطہ کارروائی کرنے کیلئے فوڈ انسپکٹر سنگاریڈی کو مطلع کردیا گیا ہے۔