ظہیرآباد۔/3اپریل،( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پولیس اسٹیشن ظہیرآباد ٹاون کے حدود میں کل شب قتل کی ایک سنگین واردات پیش آئی جس میں ایک نوجوان برسر موقع ہلاک ہوگیا۔ جبکہ قاتل ہنوز مفرور ہے۔تفصیلات کے بموجب 65 ویں قومی شاہراہ کے کنارے گارڈن فیملی دھابہ کے قریب ایک نامعلوم شخص نے تیزی کے ساتھ مقتول کی دکان میں داخل ہوا اور اسے زبردستی دکان سے باہر لاکر اس کی گردن پر تیز دھاری ہتھیار سے حملہ کردیا۔ جس کے نتیجہ میں وہ برسر موقع ہلاک ہوگیا۔ اطلاع ملتے ہی سرکل انسپکٹر ظہیرآباد ٹاون ایم سدیشور نے سب انسپکٹر ظہیرآباد ٹاون راج شیکھراور دیگر پولیس جوانوں کے ہمراہ جائے واردات پہنچ کر حسب ضابطہ کارروائی انجام دی اور خون میں لت پت نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم ایریا ہاسپٹل ظہیرآباد منتقل کردیا جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد نعش کو ورثاء کے حوالے کردیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ موضع دیگوال کے متوطن30 سالہ سید کریم کی مقتول کی حیثیت سے شناخت کی گئی ہے جبکہ پولیس کے بیان کے مطابق ملزم تاحال مفرور ہے۔ پولیس ظہیرآباد ٹاؤن اس خصوص میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے قاتل کی تلاش میں مصروف ہوگئی ہے۔