ظہیرآباد میں اجتماعی شادیوں کی تقریب

نوبیاہی جوڑوں میں تحائف کی تقسیم اور پرخلوص مبارکباد
ظہیرآباد ۔ /15 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کانگریس مسلم کور کمیٹی کی جانب سے کل یہاں عیدگاہ میدان پر نصب کردہ خصوصی شامیانے میں دس نادار مسلم لڑکیوں کی شادیاں انجام دی گیئں ۔ قاضی سید ضیاء الدین و قاضی سید معز الدین نے ایجاب و قبول کی کارروائی انجام دی جبکہ عاقدین کیلئے الحاج سید شاہ عزیز الدین قادری نے دعا کی ۔

ریاستی وزیر ڈاکٹر جے گیتا ریڈی نے پٹیل گارڈن فنکشن ہال پہنچ کر تمام دس دولہنوں اور ان کے متعلقین و رشتہ داروں کو شادی کی مبارکباد دی اور صدر مہیلا کانگریس جی شیلا رمیش کی لائی ہوئی ساڑیوں کو دو لہنوں میں تقسیم کیا جب کہ رکن لوک سبھا سریش کمار شٹکار ‘ صدرنشین ڈی سی سی بنکس ایم جئے پال ریڈی ‘ سابق صدرنشین کین ڈیولپمنٹ کونسل ‘ کانتا ریڈی ‘ صدر تلگودیشم ظہیرآباد ٹاؤن جی بھاسکر ‘ بی جے پی لیڈر سدھیر بھنڈاری ‘ سی پی آئی لیڈر محمد جلال ‘ صدر تنظیم اہلسنت والجماعت سید افسر پاشاہ قادری ‘ کانگریس مسلم کور کمیٹی کے عہدیداران و اراکین الحاج محمد غوث الدین غوری ‘ محمد فاروق علی ‘ بشیر احمد شاہ علی ‘ محمد حسام الدین ‘ گورے میاں سکندر ‘ شیخ وحید ‘ ایم اے علیم ‘ محمد ماجد کے بشمول دیگر حاضرین نے دولہوں کو مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔

رخصتی کے موقع پر کانگریس کور کمیٹی کی جانب سے قرآن شریف ‘ ریحال ‘ جائے نماز ‘ پلنگ معہ بستر و مچھردان ‘ الماری ‘ سنگھاردان ‘ کپڑوں کے پانچ عدد جوڑوں کے علاوہ ضروریات زندگی سے متعلق دیگر ساز و سامان دیئے گئے جبکہ اسکائی لائن کے مالک سید خلیل نے دس استریاں ‘ اے ٹو زیڈ کے مالک محمد آصف نے دس ڈنر سٹ ‘پلاسٹک انڈسٹریز کے مالک سید احمد نے دس ڈنر سٹ ‘ ڈائمنڈ ٹیکسٹائیلس کے مالک محمد مجاہد نے دس عدد برتن رکھنے کے اسٹانڈ ‘ محمد پرویز احمد نے دس عدد ٹی سیٹ ‘ صدر مہیلا کانگریس جی شیلا رمیش نے شرٹنگس و سوٹنگس کے دس عدد جوڑے ‘ سی پی آئی لیڈر محمد جلال نے دس ہزار روپئے ‘ ملے پلی حیدرآباد کے این آر آئی محمد قیصر نے دس ہزار روپئے ‘ حافظ محمد مبین احمد قاسمی نے دس عدد بہشتی زیور نامی کتابیں ‘ دس دولہوں کے حوالے کئے ۔ جہیز کا سارا سامان اور تحائف دس مال بردار لاریوں کے ذریعہ دولہوں کے گھروں تک پہنچانے کا انتظام کیا گیا ۔ قبل ازیں نائب صدر کانگریس مسلم کور کمیٹی محمد فاروق علی نے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے وضاحت کی کہ عاقدین کو دیا گیا تمام ساز و سامان کانگریس مسلم کور کمیٹی کے صدر الحاج محمد غوث الدین غوری کے علاوہ مذکورہ بالا اصحاب خیر نے فراہم کیا ہے جبکہ مجوزہ اجتماعی شادیوں کی تقریب کیلئے کسی قسم کی سرکاری امداد حاصل نہیں کی گئی ۔